بہار: زمین سے پونے دو کروڑ روپے برآمد

پولیس کے مطابق ان روپیوں کو زمین میں دفن کیا گیا تھا
،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق ان روپیوں کو زمین میں دفن کیا گیا تھا

بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار کے جموئی ضلع کے تین دیہات سے پولیس نے ایک کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ کی نقد رقم برآمد کی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ رقم زمین کے اندر دبا کر رکھی گئی تھی۔

اس بارے میں ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اوپیندر کمار سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ اسی سال 20 ستمبر کو ایچ ڈی ایف سي بینک کا چار کروڑ روپے سے بھرا ایک کنٹینر گم ہو گیا تھا۔

ایس پی نے مزید بتایا کہ یہ کنٹینر مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں بینکوں کو خدمات مہیا کرانے والی ایک سکیورٹی ایجنسی کی کیش وین سے گم ہوا تھا۔ برآمد کی جانے والی رقم اسی گم ہونے والی رقم کا حصہ ہے۔

ٹیم نے رقم کی گم شدگی کے سلسلے میں 11 افراد کو گرفتار کیا ہے
،تصویر کا کیپشنٹیم نے رقم کی گم شدگی کے سلسلے میں 11 افراد کو گرفتار کیا ہے

جانچ اور تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ کنٹینر کولکتہ کے ڈلہوزی علاقے کے آس پاس سکیورٹی ایجنسی کی کیش وین سے کہیں گر گیا تھا۔

جانچ کے دوران پولیس کو یہ پتہ چلا کہ گم شدہ کنٹینر بہار کے چند مزدوروں کے ہاتھ لگا تھا جو وہیں فٹ پاتھ پر کام کیا کرتے تھے اور یہ مزدور بہار کے جموئی ضلع کے رہنے والے تھے۔

اس کے بعد کولکتہ اور جموئی پولیس کے مشترکہ چھاپے کے دوران یہ رقم برآمد کی گئی۔

جموئی پولیس اہلکار کے مطابق اس واقعے میں اب تک 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید رقم کی بازیابی کی کوشش جاری ہے۔