سبھاش چندر بوس کے فوج کے کیپٹن چل بسے

،تصویر کا ذریعہ
آزادی کے مجاہد اور آزاد ہِند فوج کے کیپٹن عباس علی بانوے سال کی عمر میں دِل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
سنیچر کو انھوں نے علی گڑھ کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں آخری سانس لی۔
عباس علی کے صاحبزادے اور بی بی سی کے سابق نامہ نگار قربان علی نے بتایا کہ انھیں سنیچر کی شام مغرب کی نماز کے بعد سپردِ خاک کیا گیا ہے۔
کیپٹن عباس علی کی پیدائش 1922 میں ریاست اترپردیش کے ضلع بُلند شہر میں ہوئی تھی۔
سنہ 1939 میں عباس علی برطانوی فوج میں شامل ہوئے لیکن سنہ 1945 میں سبھاش چندر بوس کے کہنے پر انھوں نے برطانوی فوج چھوڑ کر آزاد ہند فوج میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔
بعد میں انھیں گرفتار کر لیا گیا اور ان کا کورٹ مارشل کر کے انھیں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔
سنہ1947 میں بھارت کے آزاد ہونے کی وجہ سے ان کی سزا پر عملدرآمد نہ ہوسکا اور انھیں رہا کر دیا گیا۔



