کشمیر سیلاب: کرکٹ بلوں کی سپلائی متاثر

،تصویر کا ذریعہAFP
اطلاعات ہیں کہ کشمیر میں سیلاب کی وجہ سے بھارت میں کرکٹ کے بلوں کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ جس لکڑی سے یہ بلے بنائے جاتے ہیں وہ بڑی مقدار میں سیلاب میں بہہ گئی ہے۔
بید سے بلے بنانے والے صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ بید کی لکڑی کی قلت کے سبب بلوں کی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بھارت میں کرکٹ کے بلے بنانے والی تنظیم کے سربراہ پارس آنند کا کہنا ہے کہ جو بھی لکڑی ذخیرہ تھی وہ یا تو سیلاب کے پانی میں بہہ گئی یا پھر خراب ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اس صنعت کے لیے بُری خبر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے دولت مند لوگوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا جو امپورٹڈ انگلش لکڑی سے بنایا ہوا بلا استعمال کرتے ہیں لیکن نوسیکھیے اور کرکٹ کھیلنے والے وہ عام لوگ متاثر ہوں گے جو کشمیر کی اس عام لکڑی سے بنائے گئے بلے استعمال کرتے ہیں۔
برطانیہ نے دوسری جنگِ عظیم کے بعد کشمیر میں بید کے درخت لگائے تھے جو عالمی انگلِش بید کے بعد دوسری سب سے اچھی لکڑی سمجھی جاتی ہے۔



