اتر پردیش میں عورت کی لاش درخت سے لٹکی ملی

چند ہفتے قبل اسی ریاست میں دو نوجوان لڑکیوں کو گینگ ریپ کیا گیا اور ان کی لاش درخت سے لٹکی ملیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنچند ہفتے قبل اسی ریاست میں دو نوجوان لڑکیوں کو گینگ ریپ کیا گیا اور ان کی لاش درخت سے لٹکی ملیں

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک عورت لاش ایک گاؤں میں درخت سے لٹکی ملی ہے۔

اتر پردیش کے انسپکٹر جنرل (قانون) امریدر کیسیگر نے بی بی سی کو بتایا ’پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ لٹکائے جانے سے دم گھٹ کر ہوئی۔‘

انھوں نے کہا ’ریپ ہونے کے بارے میں کچھ بھی واضح طور پر نہیں کہا جا سکتا ہے۔ ہم اس بارے میں اور ٹیسٹ کریں گے اور اس کی رپورٹ آنے کے بعد اس بارے میں کچھ کہا جا سکے گا۔‘

تاہم عورت کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ اس کا گینگ ریپ کیا گیا ہے۔

اس واقعے سے چند ہفتے قبل اسی ریاست میں دو نوجوان لڑکیوں کو گینگ ریپ کیا گیا اور ان کی لاشیں درخت سے لٹکی ملی تھیں۔ اس واقعے کے بعد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

بہرایچ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہیپی گپتن نے بی بی سی کو بتایا کہ اس عورت کی عمر 44 سال کے لگ بھگ ہے اور قریبی گاؤں سے تعلق تھا۔

گپتن نے کہا کہ اس عورت کو مقامی لوگوں نے پہلے شراب بیچنے پر متنبہ کیا تھا۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اس عورت کے خاندان نے پانچ افراد کے خلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دن پہلے ہی بدایوں میں دو بہنوں کو ریپ کرنے کے بعد قتل کر کے درخت پر لٹکا دیا گیا تھا۔

حالیہ دنوں میں اترپردیش میں خواتین کے خلاف جرائم کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جس سے ریاست کی حکومت پر تنقید کی جا رہی ہے۔