بھارت: ریپ کی کوشش، مزاحمت پرخاتون قتل

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر 35 سال تھی اور وہ چار بچوں کی ماں تھیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر 35 سال تھی اور وہ چار بچوں کی ماں تھیں

بھارت کی شمال مشرقی ریاست میگھیالے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے ایک عورت سے زیادتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر اسےگولی مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس حکام نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شدت پسند تنظیم گارو نیشنل لبریشن آرمی (جی این ایل اے) کے پانچ شدت پسندوں نے خاتون کے شوہر اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق انھوں نے اس خاتون کو گھسیٹ کر باہر نکالا اور جنسی زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر خاتون کے سر میں گولی ماری۔

پولیس حکام کے مطابق شدت پسندوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

’یہ ایک دور دراز علاقہ ہے جہاں پہاڑیاں اور گھنا جنگل ہے۔ ہم نے تفتیش شروع کر دی ہے اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔‘

حکام کے مطابق یہ واقعہ بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر 35 سال تھی اور وہ چار بچوں کی ماں تھیں۔

واضح رہے کہ گارو نیشنل لبریشن آرمی (جی این ایل اے) گارو کی علیحدہ ریاست کے لیے مسلح جدوجہد کر رہے ہیں۔

مبصرین کا خیال ہے کہ بھارت میں ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لیے قوانین سخت کیے گئے ہیں تاہم اس میں کمی نظر نہیں آ رہی ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر سنہ 2012 میں دارالحکومت دہلی میں ایک چلتی بس میں اجتماعی ریپ کے واقعے میں ایک طالبہ کی موت کے بعد ملک بھر میں زبردست احتجاج کیا گیا تھا اور اسی کے نتیجے میں اس وقت موجود قانون میں مزید سختی کی گئی تھی۔