امریکی فوجی کو رہا کرنے کی ویڈیو جاری

،تصویر کا ذریعہAL EMARA
افغان طالبان کی طرف سے ایک ویڈیو فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں مغوی امریکی سارجنٹ بو رابرٹ برگڈال کو امریکی فوج کے حوالے کرنے کے لمحات دکھائے گئے ہیں۔
افغان طالبان نے پانچ سال سے ان کی قید میں رہنے والےسارجنٹ برگڈال کو سنیچر کو رہا کر کے امریکی حکام کے حوالے کر دیا تھا۔
ویڈیو میں صوبہ خوست میں سارجنٹ برگڈال کو ایک پک اپ ٹرک میں بیٹھے ہوئے اور اس کے بعد ہیلی کاپٹر کی طرف پیدل جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق سارجنٹ برگڈال کو گونتانامو بے سے پانچ افغان قیدیوں کے بدلے رہا کیا گیا تھا۔ان پانچ افغان قیدیوں کو قطر کے سپرد کیا گیا تھا جس نے اس تبادلے میں اہم کردار ادا کیا۔
افغان طالبان کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے اس سمجھوتے کی وجہ سے امریکہ میں ایک بڑا تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ امریکہ کی اہم جماعت رپبلکن پارٹی نے کہا کہ اس سمجھوتے سے امریکیوں کی جانیں خطرے میں پڑ جائیں گی۔
فوج کا کہنا ہے کہ وہ ان حالات کا جائزہ لے گی جس میں سارجنٹ برگڈال کو قید کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق 28 سالہ سارجنٹ کو صحیح سلامت امریکہ حولے کیا گیا، ان کی حالت مستحکم ہے اور اب وہ جرمنی میں ایک فوجی ہسپتال میں ہیں۔
واضح رہے کہ برگاڈل واحد امریکی فوجی ہیں جو افغان طالبان کی قید میں تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پینٹاگون کے مطابق بو رابرٹ برگڈال مشرقی افغانستان کے صوبہ پکتیہ میں تعینات انفنٹری رجمنٹ سے وابستہ تھے۔
وہ افغانستان پہنچنے کے پانچ ماہ بعد ہی سنہ 2009 میں اپنے اڈے سے لاپتہ ہو گئے تھے۔







