بھارت: پٹاخہ فیکٹری میں آتشزدگی، 15 ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے اجین میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 15 لوگ مارے گئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مرنے والوں میں ایک بچہ اور 12 خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس حادثے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اجین رینج کے آئی جی وی کمار کے مطابق: ’حادثے میں ابھی تک 15 لوگوں کے مارے جانے کی خبر ہے جن میں 12 خواتین شامل ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ فی الحال ضلع کے کلکٹر اور ایس پی سمیت دیگر عہدیدار جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں اور امدادی کام جاری ہے۔
اجین ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریبا 60 کلومیٹر کے فاصلے پر بڑنگر تحصیل کے لوہانا کیسور روڈ پر یہ پٹاخہ فیکٹری واقع ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق سنیچر کے روز دوپہر کے وقت فیکٹری میں معمول کا کام جاری تھا اسی وقت اس میں آگ لگ گئی۔
جس وقت فیکٹری میں آگ لگی اس وقت فیکٹری میں تقریبا دو درجن لوگ کام کر رہے تھے۔ ضلع کے ایس پی نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔ اگرچہ ابتدائی طور پر جو معلومات ملی ہیں اس میں کہا جا رہا ہے کہ کام کرنے والے کسی مزدور کی طرف سے بیڑی پی کر پھینکنے کے بعد بارود میں آگ لگ گئی جس کے بعد پٹاخوں میں دھماکے شروع ہو گئے اور پوری فیکٹری آگ کی زد میں آ گئی۔
اطلاعات کے مطابق بر وقت آگ بجھانے کی کوئی سہولت دستیاب نہیں تھی تاہم خبر پھیلنے کے بعد وہاں آگ بجھانے والی چھ گاڑیاں پہنچی لیکن آگ اتنی خوفناک تھی کہ اس پر مکمل طور پر قابو پانے میں دو گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگ گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بڑنگر علاقے میں پٹاخوں کی تین فیکٹریاں ہیں اور اس سے پہلے بھی اس علاقے میں پٹاخہ فیکٹریوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔







