نریندر مودی نے شادی شدہ ہونا تسلیم کر لیا

بدھ سے پہلے نریندر مودی کی بیوی کے بارے میں لوگوں کو کم ہی معلوم تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبدھ سے پہلے نریندر مودی کی بیوی کے بارے میں لوگوں کو کم ہی معلوم تھا

بھارت کی اہم جماعت بی جے پی کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار اور گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی نے پہلی بار سرِعام یہ تسلیم کیا ہے کہ وہ شادی شدہ ہیں۔

اس سے قبل نریندر مودی کی خانگی زندگی کے بارے میں لوگوں میں تجسس برقرار تھا۔

بدھ کو ریاست گجرات میں وڈودرا (جسے بڑودہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) لوک سبھا کی سیٹ کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ انھوں نے جو حلف نامہ داخل کیا اس میں نریندر مودی نے بیوی کے نام والے کالم میں ’جشودابین‘ لکھا۔

اس حلف نامے کو گجرات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔

اب تک نریندر مودی حلف نامے میں بیوی کے نام والی جگہ کو پُر کرنے سے گریز کرتے رہے تھے اور اسے خالی چھوڑ دیتے تھے۔ انھوں نے سنہ 2012 کے اسمبلی انتخابات کے وقت بھی یہ کالم خالی چھوڑ دیا تھا۔

وڈودرا سیٹ کے لیے مودی نے اپنا حلف نامہ گجراتی زبان میں داخل کیا۔ مودی نے بیوی کا نام تو لکھا ہے لیکن انھوں نے اپنی بیوی کا پین کارڈ نمبر یا پھر ان کی جائیداد کی معلومات فراہم نہیں کی۔

انھوں نے جائیداد والے کالم میں ’پتہ نہیں‘ لکھا۔

مودی ان انتخابات میں بی جے پی کے وزیر اعظم کے امیدوار ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمودی ان انتخابات میں بی جے پی کے وزیر اعظم کے امیدوار ہیں

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اگرچہ مودی نے کاغذات نامزدگی بدھ کی صبح ہی داخل کیے تھے لیکن وڈودرا میں الیکشن کمیشن کی ضلعی انتظامیہ نے ڈسپلے بورڈ پر ان کا حلف نامہ آدھی رات کو لگایا۔

گجرات کے وڈودرا پارلیمانی انتخابی حلقے سے مودی کے مقابلے میں کانگریس کے مدھوسودن مستری میدان میں ہیں۔

گجرات میں 30 اپریل کو پولنگ ہوگی۔

نریندر مودی وڈودرا کے علاوہ اتر پردیش میں وارانسي لوک سبھا انتخابی حلقے سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں لیکن یہاں ان کے خلاف دہلی میں نئی تاریخ رقم کرنے والے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجری وال کے علاوہ دوسری پارٹی کے معروف نام بھی ہیں۔