شمالی افغانستان میں خودکش حملے میں 15 ہلاک

فریاب کے گورنر محمد اللہ باتاش نے بتایا ہے کہ حملہ آور ایک موٹر سائکل پر سوار تھا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنفریاب کے گورنر محمد اللہ باتاش نے بتایا ہے کہ حملہ آور ایک موٹر سائکل پر سوار تھا

شمالی افغانستان میں ایک خودکش بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

فریاب صوبے کے گورنر محمد اللہ باتاش نے بتایا ہے کہ اس حملے میں دیگر 27 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے ایک بازار کے داخلی راستے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اب تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم اس علاقے میں القاعدہ سے منسلک گروپ اسلامک موومنٹ آف ازبکستان سرگرم ہے۔

محمد اللہ باتاش نے مزید بتایا ہے کہ حملہ آور ایک موٹر سائکل پر سوار تھا۔

انھوں نے کہا کہ آج ہفتہ وار بازار کا دن تھا جب سینکڑوں مقامی کسان اور دیہاتی افراد اپنی اشیا لے کر بازار آتے ہیں۔ ’ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری تھے۔‘

43 سالہ عینی شاہد سید آغا نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میں اس وقت خریداری کر رہا تھا جب میں نے دھماکے کی آواز سنی۔ پھر میں نے اپنے ارد گرد لاشیں اور خون دیکھا۔‘

یاد رہے کہ افغانستان میں 5 اپریل کو صدارتی انتخاب ہونے جا رہا ہے۔