کابل: افغان فضائیہ کی بس پر خودکش حملے میں 4 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں میں ایک خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو افغان فضائیہ کی ایک بس کےقریب اڑا لیا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔
کابل پولیس کے ترجمان حشمت ستنکزئی نے روئٹرز کو بتایا کہ اس حملے کے بارے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ستنکزئی نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جو اس دھماکے وقت اس جگہ کے قریب تھے۔
اس سےقبل افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو فضائیہ کی ایک بس کے قریب اڑا لیا جس کے نتیجے میں فضائیہ کے دو اہلکار اور دو شہری ہلاک ہو گئے۔
یہ حملہ شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں ہوا جس کی آواز دور تک سنائی دی جس کے فوری بعد طالبان کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔
یاد رہے کہ یہ ایک ہفتے کے اندر تیسرا بڑا حملہ ہے جو کابل میں ہوا ہے جبکہ گزشتہ چوبیں گھنٹوں میں دو حملے کیے جا چکے ہیں۔
سکیورٹی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے دو حملوں میں سے ایک شہر کے شمال میں ہوا جہاں دھماکے میں دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ کابل کے بین القوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک راکٹ گرا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان کے بی بی سی کے نمائندے ڈیوڈ لائن کو بتایا ہے کہ خود کش حملہ آور نے اپنی بارودی جیكٹ کو اس وقت اڑا لیا جب ایک بس وہاں سے گزر رہی تھی۔
کابل کے پولیس سربراہ نے کہا ہے کہ حملے سے شہریوں کے علاوہ دوسرے لوگوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ اس سال افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا ہو رہا ہے اور مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں طالبان کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’خودکش حملہ آور پیدل تھا اور اس نے خود کو اس بس کے پاس دھماکے سے اڑا دیا جو وزارت دفاع کے لوگوں کو کام پر لے جا رہی تھی۔‘
ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سرکاری عملے کو بسوں میں کام پر لانا اور لے جانا ایک عام بات ہے اور یہ طالبان کے لیے آسان ہدف ہیں۔
18 جنوری کو کابل میں ایک ریستوران پر خودکش حملے اور فائرنگ سے 13 غیر ملکیوں سمیت کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔
افغان طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور کہا تھا کہ انھوں نے دانستہ طور پر غیرملکیوں کو نشانہ بنایا۔







