انڈیا میں امیر ترین خواتین کی فہرست میں شامل کنیکا ٹیکریوال، جن کے کاروبار کا لوگوں نے مذاق اُڑایا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کی سب سے دولت مند خواتین کی فہرست میں انڈین ٹیکنالوجی کمپنی ایچ سی ایل کی چیئر پرسن روشنی ناڈر ملہوترا پہلے مقام پر برقرار ہیں جبکہ انویسٹمنٹ بینکنگ کے کیریئر کو چھوڑ کر بیوٹی برانڈ نائیکا کی بنیاد رکھنے والی فالگونی نایر کا نام اپنے دم پر دولت کمانے والی کاروباری خواتین کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔
یہ فہرست ’کوٹک پرائیویٹ بینکنگ ہورون‘ نے بدھ کو جاری کی۔ یہ رپورٹ 31 دسمبر 2021 تک خواتین کی ’نیٹ ورتھ‘ یعنی کل اثاثوں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
یہ ان سو خواتین کی فہرست ہے جن کی پیدائش انڈیا میں ہوئی اور جو انڈیا میں ہی اپنے خاندانی کاروبار یا اپنے ذاتی کاروبار چلا رہی ہیں۔
ملک کی سب سے دولت مند خواتین کی فہرست میں روشنی ناڈر اور فالگونی نایر کے بعد تیسرے نمبر پر بایوکان کی بانی اور سی ای او کِرن مجومدار شاہ ہیں۔
اس کے بعد ڈی وی لیبارٹریز کی ڈائریکٹر نیلیما موٹاپرتی، زوہو کی بانی رادھا ویمبو، فارما کمپنی یو ایس وی پرائیویٹ لمٹڈ کی چیئر پرسن نیلا گاندھی تواری، تھرمیکس کمپنی کی ڈائریکٹر انو آگا اور مہر پدمجی/ڈیٹا سٹریمنگ پلیٹ فارم نیو کانفلوئینٹ کی مشترکہ بانی نیہا نرکھیڑے، ڈاکٹر لال پیٹھ لیبز کی ڈائریکٹر وندنا لال اور ہیرو فنکارپ کی مینیجنگ ڈائریکٹر رینو منجال نے امیر ترین خواتین کی فہرست میں پہلے دس مقام حاصل کیے ہیں۔
پہلے دس مقام حاصل نہ کرنے کے باوجود فہرست میں شامل ایک نام خاصی توجہ بٹور رہا ہے اور یہ نام ہے کنیکا ٹیکریوال کا جو محض 33 برس کی عمر میں اس فہرست میں شامل ہونے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

کنیکا ٹیکریوال کون ہیں؟
کنیکا ٹیکریوال نے ’جیٹ سیٹ گو‘ نامی کمپنی کے ذریعے ہوابازی کے شعبے میں نام کمایا۔ اس شعبے کو عام طور پر مردوں سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے۔
محض 33 برس کی کنیکا نے اس شعبے میں ایک ایسا کاروبار شروع کیا جس کے بارے میں زیادہ لوگوں کو معلومات نہیں تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کنیکا کی کمپنی لوگوں کو پرائیویٹ جیٹ اور ہیلی کاپٹر فراہم کرتی ہے۔ ان کی کمپنی کی مدد سے کوئی بھی ضرورت پڑنے پر پرائیویٹ جیٹ، ہیلی کاپٹر اور ایئر ایمبولینس آن لائن بُک کر سکتا ہے۔
کنیکا کے بقول ان کی کامیابی کا راز ان کی خود اعتمادی ہے۔ کنیکا کے اثاثوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ان کے کل اثاثوں کی قیمت 420 کروڑ انڈین روپے ہے۔
کنیکا نے انڈیا کے نیشنل ٹیلی ویژن چینل دور درشن کو دیے ایک انٹرویو میں بتایا کہ محض 17 برس کی عمر میں انھوں نے ایک ہوا بازی کی کمپنی میں کام کیا تھا جہاں انھوں نے اس شعبے میں خود اپنا کاروبار شروع کرنے کا خواب دیکھا۔
لیکن جب کنیکا بیس برس کی ہوئیں تو انھیں کینسر ہو گیا۔ کینسر کے خلاف جنگ نے ان کے ارادوں کو اور بھی زیادہ پختہ کر دیا۔
کنیکا کہتی ہیں کہ ’اگر کوئی بھی چیز زندگی میں آسانی سے ملے تو سمجھ لیجیے کہ وہ پوری نہیں ملی۔‘
یہ بھی پڑھیے
لوگوں نے ان کے کاروبار کے آئیڈیا کا مذاق بھی اُڑایا۔
کنیکا نے دور درشن کے ساتھ انٹرویو میں کہا ’میں نے 24 برس کی عمر میں اکیلے کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔ میں اپنے کلائنٹس سے نام بدل کر بات کیا کرتی تھی اور آہستہ آہستہ کمپنی بڑی ہوتی گئی۔‘
فالگونی نایر: بے پرواہ طالب علم سے ایک دولت مند خاتون بننے تک
’سیلف میڈ‘ یعنی خود اپنی کوششوں کے تنیجے میں کامیاب ہونے والی خواتین کی لسٹ میں فالگونی نایر کا نام سب سے اوپر ہے لیکن فالگونی کہتی ہیں کہ بچپن میں ان کا کاروبار کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

،تصویر کا ذریعہPUNIT PARANJPE
اسی برس خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک شو کے دوران نایر نے بتایا تھا کہ کس طرح سکول کے دنوں میں وہ ایک بے پرواہ زندگی گزار رہی تھیں۔ اس دوران ان کا زندگی میں کچھ خاص حاصل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
گذشتہ برس نایر کی بیوٹی کمپنی نائیکا کے شیئرز کا بازار میں زبردست آغاز ہوا۔ فالگونی نے سنہ 2021 میں نائیکا کی بنیاد رکھی تھی۔ اس وقت کمپنی نے محض بیوٹی پروڈکٹس کے ساتھ بازار میں قدم رکھا تھا لیکن اب نائیکا فیشن سے متعلق متعدد پروڈکٹس کے لیے جانی جاتی ہے۔
اپنے گھر کے ماحول کے بارے میں بات کرتے ہوئے فالگونی نے بتایا ’میری ماں ہمیشہ ہم سے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے کہا کرتی تھیں۔
’اگر ہم 99 نمبر بھی لے آتے تو خوشی منانے کے بجائے یہ پوچھا جاتا تھا کہ ایک نمبر کہاں اور کیسے کٹ گیا۔ اس لیے ہمیشہ یہ احساس رہتا ہے کہ کچھ اچھا کرنا ہے۔ میں ہمیشہ نتیجے کی پرواہ کیے بغیر کام کرتی ہوں۔‘
اس فہرست میں اس سے قبل صرف ان خواتین کو شامل کیا جاتا تھا جو کم از کم 100 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہوں لیکن اس سال انھیں جگہ دی گئی ہے جن کے پاس کم از کم 300 کروڑ کے اثاثے ہوں۔
فہرست میں سب سے زیادہ یعنی 25 نام دلی اور اس کے نزدیکی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ہیں۔ اس کے بعد ممبئی سے 21 اور حیدر آباد سے لسٹ میں 12 نام شامل ہیں۔










