نریندر مودی: انڈیا کے وزیر اعظم کے پروگرام ’من کی بات‘ کو یوٹیوب صارفین نے کیوں ناپسند کیا؟

نریندر مودی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کا ’من کی بات‘ پروگرام انٹرنیٹ صارفین کے منفی ردعمل کی وجہ سے خبروں میں آ گیا ہے۔

اتوار کو نشر ہونے والے اس پروگرام کو انڈیا کے قومی ٹی وی اور ریڈیو چینل دور درشن کے علاوہ بہت سے نجی چینلز نے بھی دکھایا تھا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی کے اس خطاب کو پی آئی بی، بی جے پی اور پی ایم مودی کے یوٹیوب چینلز پر بھی سنا جاسکتا تھا۔

واضح رہے کہ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 'من کی بات' کے نام سے ایک ریڈیو پروگرام کا آعاز سنہ 2014 میں کیا تھا اور اتوار کو اس کی 68ویں قسط نشر کی گئی تھی۔

اس پروگرام کو ملک کے قومی ریڈیو اور ٹی وی کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر مخلتف یوٹیوب چینلز پر بھی نشر کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اس پروگرام میں انڈین وزیر اعظم اپنے خطاب میں ملک میں مخلتف مسائل اور معاملات کے ساتھ ساتھ دیگر موضوعات پر عوام سے بات کرتے ہیں۔

لیکن اتوار کو نشر کیے جانے والے پروگرام پر سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل مثبت سے زیادہ منفی رہا۔

تینوں یوٹیوب چینلز پر مودی کے پروگرام 'من کی بات' کو صارفین کی جانب سے پسند کرنے کی نسبت زیادہ ناپسندیدگی کا سامنا رہا اور لائیکس کی جگہ ڈس لائکس زیادہ دیکھنے کو ملے۔

نریندر مودی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنپی آئی بی کے یوٹیوب چینل پر 'من کی بات' کو صرف ایک لاکھ افراد نے دیکھا جب کہ محض 3700 افراد نے اسے پسند جبکہ نو ہزار نے اسے ناپسند کیا

سوشل میڈیا صارفین کے اس ردعمل کو غیر معمولی سمجھا جارہا ہے کیونکہ اس سے قبل 'من کی بات' کے بارے میں سامعین کا رویہ اتنا منفی نہیں تھا۔ ایسی صورتحال میں ایک بحث نے جنم لیا ہے کہ اس کی وجہ کیا ہوسکتی ہے؟

کیا صورت حال ہے؟

اتوار کو 'من کی بات' پروگرام کی یوٹیوب ویڈیو پر انٹرنیٹ صارفین کا ردعمل شروع سے ہی سست تھا۔ یہ پروگرام صبح کے وقت نشر کیا گیا تھا لیکن رات گئے تک صارفین نے اس میں دلچسپی ظاہر نہ کی۔

گذشتہ روز سے اب تک بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکاری یوٹیوب چینل پر 'من کی بات' پروگرام کو تقریباً گیارہ لاکھ صارفین نے دیکھا ہے۔

اس پروگرام کو اس چینل پر صرف 45 ہزار افراد نے پسند کیا جبکہ 3 لاکھ 54 ہزار نے اسے ناپسند کیا۔ یہ واضح ہے کہ یہ فرق کافی بڑا ہے۔

اسی طرح وزیر اعظم نریندر مودی کے اپنے یوٹیوب چینل (نریندر مودی) پر صرف 6 لاکھ 41 ہزار افراد نے اسے سنا جبکہ یہاں بھی اس ویڈیو کو 32 ہزار صارفین نے پسند اور 73 ہزار نے ناپسند کیا۔

اسی طرح پی آئی بی کے یوٹیوب چینل پر 'من کی بات' کو صرف ایک لاکھ افراد نے دیکھا جب کہ محض 3700 افراد نے اسے پسند جبکہ نو ہزار نے اسے ناپسند کیا۔

وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کیا کہا؟

وزیر اعظم نریندر مودی

،تصویر کا ذریعہwww.youtube.com/Narendra Modi

،تصویر کا کیپشناتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی نے 'من کی بات' پروگرام میں انڈین تاجروں کو کھلونوں کے کاروبار میں عالمی منڈی میں مواقع تلاش کرنے کی تجویز پیش کی

اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی نے 'من کی بات' میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے اونم فیسٹیول کے بارے میں بات کی اور انڈین تاجروں کو کھلونوں کے کاروبار میں عالمی منڈی میں مواقع تلاش کرنے کی تجویز پیش کی۔

ملک میں مقامی سطح پر کھلونوں کی تیاری پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 'عالمی منڈی میں کھلونوں کی صنعت 7 لاکھ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے ، لیکن اتنے بڑے کاروبار میں انڈیا کا حصہ بہت کم ہے۔'

اس کے علاوہ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ سافٹ ویئر ڈویلپرز کو انڈیا میں کمپیوٹر گیمز بھی بنانی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ’ہمارے ملک میں خیالات اور تصورات موجود ہیں۔ ورچوئل رئیلٹی گمیز اور کھلونوں کا کردار بہت اہم ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ہر ایک مقامی سطح پر تیار کردہ کھلونوں کی تشہیر کرے۔‘