#CoronavirusOutbreak: کورونا وائرس عالمی وبا بننے کو ہے جبکہ ایران اور اٹلی میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی

،تصویر کا ذریعہEPA
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس گیبرییسس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ’فیصلہ کن نقطے‘ پر پہنچ چکی ہے اور عالمی وبا بن سکتی ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا کے کئی ممالک اس وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جمعرات کو دوسرے دن بھی دیگر ممالک میں اس وائرس کے کیسز چین سے زیادہ تعداد میں رپورٹ ہوئے۔
چین کے بعد اٹلی اور ایران میں یہ انفیکشن سب سے زیادہ پھیلا ہے وہاں لوگ سفر کر کے یہ وائرس مزید پھلانے کا باعث بن رہے ہیں۔
ایران کے کئی اعلی حکام بھی اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ خواتین اور خاندانی امور کی نائب صدر معصومہ ابتیکر بھی اس سے متاثر ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس کا کہنا تھا ’جو کچھ دنیا میں ہو رہا ہے اس وقت سب سے بڑی تشویش ہے۔‘
انھوں نے حکومتوں سے اس وائرس کے خلاف فوری اور ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’ہم اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہیں جب ہمارے اس کے نمٹنے کے طریقے کی وجہ سے یہ وبا کسی بھی رخ میں جا سکتی ہے۔‘
’یہ ڈرنے کا وقت نہیں ہے۔ یہ وقت انفیکشن سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات کرنے اور زندگیاں بچانے کا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
ایران میں ادارے بند اور جمعے کے اجتماعات منسوخ
ایران نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک کے بڑے شہریوں میں جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کر دیا ہے۔
ایران میں کورونا وائرس سے 19 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 139 مریضوں کا علاج جاری ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی چینل آئئ آر آئی این این کے مطابق ایران میں کورونا وائرس کے ایک ہزار مشتبہ کیسز موجود ہیں۔
ایران کے وزیر صحت سعید نماکی نے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں خصوصاً ایسے شہروں میں جہاں کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں، وہاں نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران کے ذرائع ابلاغ ایسی خبروں کی تشہیر کر رہا ہے کہ ایران اور باقی دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ کتنے لوگ صحتیاب ہو رہے ہیں۔
ریڈیو ایران نے خبر دی ہے کہ قم شہر میں کورونا وائرس کے 49 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض قم میں ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کے کنوش جہانپور نے کہا ہے کہ ایران کورونا وائرس کی ٹیسٹ لیبارٹریوں کی تعداد بڑھا رہا ہے اور اگلے چند ہفتوں میں ایسی لیبارٹریوں کی تعداد 22 ہو جائے گی۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے گذشتہ روز اپنے شہریوں سے کہا تھا کہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور اس وبا کی شکل میں وہ اپنے دشمنوں کے ہاتھ میں ایک ہتھیار نہ تھما دیں۔
صدر روحانی نے کہا کہ بداعتمادی اور خوف کا وائرس کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔
ایران کے صحت کے نائب وزیر ایرج حریرچی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور انھیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔










