کشمیر میں 3 سالہ بچی کے ’ریپ‘ کے خلاف احتجاج

،تصویر کا ذریعہTAUSEEF MUSTAFA
- مصنف, ماجد جہانگير
- عہدہ, صحافی، سرینگر
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے بانڈی پورا علاقے سمیت دیگر مقامات پر پیر کو ایک 3 سالہ بچی کے مبینہ ریپ کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا، جس کے بعد بچی اور ملزم کے آبائی علاقے میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔
پولیس اور نیم فوجی دستوں نے علاقے کو جانے والی تمام سڑکوں کو سیل کر دیا ہے اور علاقے میں سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
باراملہ میں پرتشدد مظاہروں میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہTAUSEEF MUSTAFA
بچی کے والد کا الزام ہے کہ ان کی بچی کو سکول کے باتھ روم میں ریپ کیا گیا۔ سکول ان کے گھر کے قریب واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پورا خاندان اس واقعے کے بعد سکتے میں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ سب 9 مئی کو تقریباً شام کے 7 بجے ہوا۔ میں افطار کے لیے مسجد گیا ہوا تھا۔ اور میری بیوی بچی کو ڈھونڈتے ہوئے گھر سے باہر نکلی تھی۔ بچی کو آواز دینے پر کوئی جواب نہیں آیا۔ وہ اسے پکارتی رہی اور پھر سکول سے کچھ آواز آئی۔ سکول میں ایک تالاب ہے۔ ہمیں لگا شاید اس میں گر گئی ہے۔
’محلے کی کچھ لڑکیوں نے میری بیوی کو بتایا کہ سکول سے کچھ آوازیں آ رہی ہیں، شاید تالاب میں گر گئی ہو۔ ہم تالاب گئے، مگر وہ وہاں نہیں تھی۔ ہم بہت پریشان تھے کہ کہاں چلی گئی۔ ایک وقت تو لگا کہ کہیں تالاب میں گر کر ہلاک تو نہیں ہوگئی۔‘

،تصویر کا ذریعہSOPA Images
ان کے مطابق ’ہم نے اسے پھر پکارا۔ تو اس کی ہلکی سی آواز سنی۔ وہ ممی، ممی پکار رہی تھی۔ پھر وہ ہمیں سکول کے باتھ روم میں ملی۔ اس کی حالت بہت بری تھی۔ ملزم نے بھاگنے کی کوشش کی تھی مگر ہمارے ہمسایوں نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ میری بچی کے کپڑوں پر خون کے دھبے تھے اور باتھ روم میں بھی۔
’ہم نے اسی وقت ملزم کو اس کے گھر والوں کے سپرد کر دیا۔ اس کے والد اور بھائیوں کو بلایا اور انہیں اس کا جرم دکھایا۔ پھر ہم پولیس سٹیشن گئے اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔‘
وہ بتاتے ہیں کہ ’ہم اسے اس کے بچپن سے جانتے ہیں۔ وہ ہمارا ہمسایہ ہے۔ وہ اکثر ہماری بچی کو باہر لے جاتا تھا۔ مگر ہم یہ نہیں جانتے تھے کہ ایسا ہوگا۔ میری بچی ایک رات ہسپتال میں تھی۔ اس کی حالت اب بھی ٹھیک نہیں۔‘
پولیس کی کارروائی نے بارے میں ان کا کہنا تھا ’فی الحال ہم مطمئن ہیں۔ پولیس اپنا کام کر رہی ہے۔ ہمیں انصاف چاہیے اور ملزم کے لیے سخت سزا۔‘
ملزم کے والد نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا ’یہ الزامات سو فیصد بےبنیاد ہیں۔ یہ زمین کا معاملہ ہے۔ میں نے انہیں اپنا گھر بیچا تھا۔ بچی کے گھر والوں کا بیان غلط ہے۔ میرا بیٹا رنگے ہاتھوں نہیں پکڑا گیا۔ جب یہ ہوا وہ اس وقت اپنے گھر میں تھا۔ میں یہ بھی کہوں گا کہ اگر میرا بیٹا مجرم ثابت ہوتا ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے۔‘

،تصویر کا ذریعہTAUSEEF MUSTAFA
بانڈی پورا کے ایس پی راہل ملک نے کہا ہے کہ ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے اور کیس کی تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے بی بی سی کو بتایا ’ہم نے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی ہے جس نے کام شروع کر دیا ہے اور بچی کا میڈیکل بھی کرایا ہے۔ بچی کی عمر قریب 3 سال ہے۔ ہم جلد از جلد اس معاملے کی تفتیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
ملزم کی عمر کے بارے میں سوال پر راہل ملک نے کہا ’اس کی عمر کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ وہ ایک سکول ڈراپ آؤٹ ہے اور اب تک تین سکول بدل چکا ہے۔‘
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ سکول کے پرنسپل نے ملزم کی پیدائش کا ایک جعلی سرٹیفیکیٹ جاری کیا ہے، جس سے وہ نابالغ ظاہر ہوتا ہے۔ اس کے مطابق وہ چوتھی جماعت کا طالب علم ہے اور اس کی عمر 10 سال ہے۔ ایک مقامی رہائشی کے مطابق یہ بالکل غلط ہے اور ملزم بچہ نہیں مرد ہے۔
ایس پی راہل ملک نے بی بی سی کو یہ بھی بتایا کہ سکول پرنسپل کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
علیحدگی پسند رہنما علی شاہ گیلانی نے اس مبینہ واقعے کو کشمیری معاشرے پر ایک کالا دھبا قرار دیا ہے اور ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دو ماہ قبل ایک دوسرے واقعے میں بانڈی پورا کے ہی علاقے میں ایک باپ پر اپنی ہی بیٹی کے ریپ کا الزام لگا تھا جس کے بعد لڑکی نے خود کشی کر لی تھی۔
اس سے پہلے 2018 میں ایک 8 سالہ بکروال لڑکی کو جموں کے کٹھوعہ علاقے میں اغوا کر کے اجتماعی ریپ کا نشانے بنا کر مندر کے اندر قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد شدید احتجاج کیا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد میرواعظ عمر فاروق نے کہا تھا کہ خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کرنے کے لیے اس سال رمضان کے مہینے میں اسی بارے میں خطبے دیے جائیں گے۔
عمر فاروق نے اس واقعے کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے امن کی اپیل کی ہے۔










