افغانستان: غزنی میں حملہ، نو پولیس اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ غزنی شہر میں طالبان کے ایک حملے میں نو پولیس اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔
جمعے کے روز ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ حملہ آوروں نے پہلے ایک چیک پوائنٹ پر فائرنگ کی اور پھر چوکی میں محصور پولیس اہلکاروں کی مدد کو آنے والے قافلہ کو نشانہ بنایا۔
گذشتہ شب ہوئے اس حملے میں مقامی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور کم از کم 15 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
اگرچہ طالبان اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات چل رہے ہیں، ملک میں گذشتہ ہفتے میں پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاکستان افغانستان کشیدگی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کے افغانستان میں نگراں حکومت کے بارے میں دیے گئے بیان پر افغان حکام نے شدید احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے کابل میں پاکستانی سفیر کے ڈپٹی کو احتجاج کے طور پر وزارت خارجہ طلب کیا اور بعد ازاں اسلام آباد سے اپنے سفیر عاطف مشعل کو مشورے کے لیے واپس کابل بلا لیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا حال ہی میں افغانستان کے بارے میں دیا گیا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے جس کی وجہ سے غیر ضروری رد عمل کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اعظم کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ عمران خان نے پاکستانی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے بات کی تھی جہاں نگراں حکومت پرانتخابات کرانے کی ذمہ داری ہوتی ہے اور اس بیان کو قطعی طور پر اس حیثیت میں نہ لیا جائے کہ وہ افغانستان کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کر رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
'پاکستان کا افغانستان میں امن قائم کرانے کے علاوہ اور کوئی لینا دینا نہیں ہے اور اس کی خواہش ہے کہ وہاں صرف افغان حکام کے فیصلوں پر مبنی سیاسی اقدام اٹھائے جائیں تاکہ ملک میں امن قائم ہو۔'








