آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کافی وِد کرن میں متنازع بیان، انڈین کرکٹرز پانڈیا اور راہُل مشکل میں
ٹی وی ٹاک شو کافی وِد کرن میں خواتین کے بارے میں دیے گئے متنازع بیانات کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردِک پانڈیا اور لوکیش راہُل پر شدید تنقید ہوئی، یہاں تک کہ دونوں پر دو ون ڈے میچز کی پابندی بھی لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ سفارس بی سی سی آئی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ونود رائے نے کی ہے۔
ساتھ ہی اس کمیٹی کی رکن اور انڈیا کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ڈیانا ایڈُلجی نے معاملے کو بی سی سی آئی کی قانونی سیل کے پاس بھیج دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حالانکہ پانڈیا نے اس بارے میں معافی بھی مانگ لی تھی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وہ شو کے فورمیٹ کی وجہ سے جذبات میں بہہ گئے تھے۔
خواتین کے بارے میں کی گئی ان کی متنازع باتوں کو سوشل میڈیا پر خواتین مخالف بھی کہا گیا تھا۔
اس شو میں پہلی بار کسی کرکٹر نے حصہ لیا تھا۔ ہاردِک پانڈیا کے علاوہ کے ایل راہُل بھی اس شو میں شریک تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شو میں پانڈیا کی کہی گئی باتوں کو خواتین مخالف اور سیکسِسٹ کہہ کر ان پر بہت تنقید کی گئی۔ اس کے بعد انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ یا بی سی سی آئی نے پانڈیا اور راہُل کو بدھ کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا۔
دونوں کھلاڑیوں کو 24 گھنٹے کی مہلت دی گئی تھی۔
اس کے بعد دونوں نے جواب میں بورڈ اور انتظامی کمیٹی سے معافی مانگی۔
کھلاڑیوں کے جواب پر ونود رائے نے انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا، ’میں ہاردِک کی وضاحت سے مطمئن نہیں ہوں اور میں نے دونوں پر دو میچز کی پابندی کی سفارش کی ہے۔ حالانکہ معاملے میں ڈیانا ایڈُلجی کی ہری جھنڑی کے بعد ہی آخری فیصلہ ہوگا۔‘
رائے نے کہا، ’ڈیانا ایڈُلجی نے اس معاملے میں قانونی رائے مانگی ہے کہ کیا دونوں کھلاڑیوں پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ اس لیے فیصلے تب کیا جائے گا جب قانونی صورت حال واضح ہو جائے۔ جہاں تک میرا سوال ہے یہ بیانات احمقانہ، خراب اور ناقابل قبول ہیں۔‘
اطلاعات کے مطابق ڈیانا ایڈُلجی نے اس بارے میں بی سی سی آئی کے قائم مقام سربراہ سی کے کھنا، قائم مقام سیکرٹری امیتابھ چوہدری اور خزانچی انیرُدھ چوہدری سے بھی رائے مانگی ہے۔
پانڈیا نے شو میں خواتین کے ساتھ تعلقات بنانے کے بارے میں دعوی کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ اس بارے میں اپنے والدین سے کتنا کھل کر باتیں کرتے رہے ہیں۔
دونوں کرکٹرز ہفتے کے روز آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی تین ون ڈے میچز کی سیریز میں انڈین ٹیم کا حصہ ہیں اور اس وقت ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں موجود ہیں۔