افغان صوبے ہلمند میں دھماکہ، 13 افراد ہلاک

افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند میں ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے جس میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

اتوار کو ہونے والے اس بم حملے میں فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں فوجی اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔

یہ حملہ ضلع نوا میں ہوا ہے جس کے بارے میں ایک ماہ قبل افغان سکیورٹی فورسز نے کہا تھا کہ وہ یہ علاقہ طالبان سے چھڑوا چکے ہیں۔

ہلمند کے گورنر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اتوار کو ہونے والے اس حملے میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو لشکر گاہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے بھی قبول کرنے کا دعوی نہیں کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شیعہ مسجد میں حملے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔

افغان وزراتِ داخلہ نے کہا تھا کہ ایک خود کش حملہ آور نے پہلے خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد مسلح افراد مسجد کے اندر گھس گئے تھے۔