بنگلہ دیش میں رکن پارلیمان فائرنگ سے ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
بنگلہ دیش کے ایک رکن پارلیمان کو ان کے گھر پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے رکن پارلیمان منجور الاسلام عوامی لیگ کے رکن تھے جنھیں گئے بندھا ضلع میں ان کے گھر پر تین افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
بعدازاں ان کا اسپتال میں انتقال ہوگیا جبکہ ان پر حملہ کرنے والے مسلح افراد موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے اور ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔
منجور السلام کے قتل کے بعد علاقے میں مظاہرے بھی منعقد کیے گئے۔
رنگپور میڈیکل کالج ہسپتال پروفیسر بمل چندر رائے نے بی بی سی بنگالی کو بتایا کہ رکن پارلیمان کو پانچ گولیاں لگیں جو قریب سے ماری گئیں۔
منجور السلام کو اکتوبر 2015 میں مبینہ طور ایک سکول طالب علم پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعدازاں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔



