افغانستان میں بگرام کے ہوائی اڈے پر دھماکہ، چار افراد ہلاک

بگرام

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکابل کے قریب واقع اس ہوائی اڈے کو اکثر طالبان کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے

افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کے زیر استعمال بگرام ہوائی اڈے پر ہونے والے ایک بڑے دھماکے میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی ضلعی گورنر حاجی شکور نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

طالبان کا کہنا ہے کہ ان کے ایک خود کش حملہ آور نے یہ حملہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حملے میں کھانا کھانے کی جگہ کو نشانہ بنایا گیا۔

کابل کے قریب واقع اس ہوائی اڈے کو اکثر طالبان کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگ وہاں ویٹرینز ڈے منانے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان ڈبلیو نکولسن نے ایک بیان میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آج کے حملے میں جو لوگ زخمی ہوئے ہیں میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ انھیں بہترین طبی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔‘

انھوں نے حملے کا شکار ہونے والے افراد کی قومیت ظاہر نہیں کی۔