انڈین چینل این ڈی ٹی وی پر پابندی،ایڈیٹروں کی مذمت

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی
بھارت کے مدیروں کی ایسوسی ایشن ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے پر حملے کی کوریج کے لیے ملک کے سرکردہ چینل این ڈی ٹی وی پر ایک دن کے لیے پابندی لگانے کے مرکزی وزارت اطلاعات اور نشریات کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔
گلڈ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پابندی کا فیصلہ واپس لے۔
وزارت کی ایک کمیٹی نے دو جنوری کو پٹھان کوٹ کے حملے کی نشریات کے تجزیے کے بعد این ڈی ٹی وی کے ہندی چینل پر نو نومبر کو ایک دن کی نشریات پر پابندی عائد کی ہے ۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ چینل نے حملے کے دوران فضائی اڈے سے متعلق انتہائی اہم عسکری معلومات نشر کیں جن سے حملہ آوروں کو مدد مل سکتی تھی ۔
حکومت کی طرف سے کسی نیوز چینل پر پابندی لگانے کا یا اپنی نوعیت کا پہلا واقع ہے ۔
این ڈی ٹی وی نے ایک بیان میں وزارت اطلاعات کے فیصلے کو ’شاکنگ ‘ قرار دیا ہے ۔ چینل نے وزارتی کمیٹی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس کی کوریج پوری طرح متوازن تھی اور وہ انھیں معلومات کو نشر کر رہا تھا جو دوسرے چینل اور اخبارت بتا رہے تھے۔ یہ سبھی معلومات پہلے سے موجود تھیں ۔‘
ایڈیٹرز گلڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینل کی نشریات پر ایک دن کی پابندی لگانا میڈیا کی آزادی اور اس کے ذریعے عوام کی آزادی کی براہ راست خلاف ورزی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ’ اپنی نوعیت کے اس انفرادی فیصلے سے لگتا ہے کہ حکومت نے میڈیا کے کام میں دخل دینے اور ان سے اتفاق نہ کرنے پر انہیں سزائیں دینے کا اختیار حاصل کر لیا ہے ۔‘
مدیروں کی انجمن نے جینل پرلگائی گئی پابندی فورآ ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ غیر ذمے دارانہ کوریج کے خلاف کاروائی کے کئی قانونی راستے ہیں ۔ بغیر قانونی قدم اٹھائے ہوئے اس طرح کی من مانی پابندی لگانا انصاف اور آزادی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے ۔



