چین میں استقبالیہ پر کام کرنے کے لیے دس ہزار درخواستیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لوگوں کو چائے بنا کر دینا اور مہمانوں کا استقبال کرنا شاید ایک ہر کسی کی پسندیدہ نوکری نہ ہو لیکن چین میں استقبالیہ کی ایک اسامی کے لیے کم سے کم دس ہزار افراد نے درخواستیں دیں۔
چین کے سول سروس بھرتی کے عملے کے مطابق 'چین ڈیموکریٹک لیگ عوامی استقبالیہ عملے' کی ایک پوسٹ کے لیے ریکارڈ 9,837 افراد نے درخواستیں دیں۔
چین ڈیموکریٹک لیگ نامی سیاسی جماعت ملک کی متعدد اقلیتی جماعتوں میں سے ایک ہے جن کے پاس بہت محدود اختیارات ہیں۔
چین میں بہت سے افراد اس جماعت کے لیے استقبالیے کی نوکری کی امید کیوں کر رہے ہیں؟
چین میں حکومت کی جانب سے جاری انسداد بدعنوانی مہم کی وجہ سے ہر سال متعدد افراد نوکریوں کے لیے درخواستیں دیتے ہیں۔
حکومتی اداروں میں نوکریاں دینے کے لیے حکام نے مزید سخت اقدامات کیے ہیں جن میں امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ ان کے پاس اعلی تعلیم کے ساتھ مخصوص مہارت بھی ہونی چاہیے۔
چین کی سول سروس کے ترجمان لی زونگ نے پیپلز ڈیلی کو بتایا کہ متعدد افراد کو ان نوکریوں میں اس لیے کشش نظر آتی ہے کیونکہ ان میں تعلیم، پروفیشنل اور تجربے کے وسیع مواقع ہوتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اطلاعات کے مطابق ڈیمو کریٹک لیگ کی نوکری کے لیے ہر کوئی جس کے پاس بیچلر ڈگری اور دو سال کا بنیادی تجربہ ہو درخواست دے سکتا ہے۔
دریں اثنا چین کے دور دراز علاقے انر منگولیا اور زین جیانگ میں 223 نئی نوکریوں کے لیے لوگوں نے زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی۔ یہ نوکریاں بینک ریگولیٹری اور میٹرولوجیکل شعبے سے متعلق تھیں۔
چین کی سول سروس کے ترجمان لی زونگ نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ یہ نوکریاں دور دراز علاقوں میں ہونے کی وجہ سے پر نہیں ہو سکیں۔
ایک اندازے کے مطابق چین میں رواں برس تقریباً 14 لاکھ افراد نے سول سروس کے امتحان میں حصہ لیا اور مجموعی طور پر ہر نوکری کے لیے اوسطً 49.5 افراد نے درخواستیں دیں۔
چین میں ہر سال اسی طرح کے اعداد و شمار دیکھنے کو ملتے ہیں۔ گذشتہ سال چین میں یہ شرح 1: 46 تھی۔
سنہ 2013 میں چین کے قومی شماریات کے تحقیقاتی رکن کے عہدے کے لیے 9,400 سے زائد افراد نے درخواستیں دی تھیں۔
چین میں سرکاری بے ورز گاری کی شرح چار فیصد ہے۔








