بنارس میں مذہبی اجتماع میں بھگدڑ، 19 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ایک مذہبی اجتماع میں بھگدڑ مچ جانے سے کم از کم 19 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ واقع بنارس کے مضافات میں پیش آیا۔ یہ شہر ہندوؤں کے لیے مقدس مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ مذہبی اجتماع میں تین ہزار زائرین کی شرکت متوقع تھی لیکن اس کی بجائے 70 ہزار افراد پہنچ گئے۔
بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ ہلاک ہونے والے 19 افراد میں سے 14 خواتین ہیں۔
ایک منتظم راج بہادر نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ پولیس نے لوگوں کو ایک پل سے واپس بھیجنا شروع کیا تو کسی نے افواہ پھیلا دی کہ پل ٹوٹا ہوا ہے، جس کے بعد لوگ جان بچانے کے لیے اندھادھند دوڑنے لگے۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے ٹویٹ کی: 'میں نے حکام سے بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ بنارس میں ہونے والی بھگدڑ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔'



