باجوڑ سکول تباہ، بنوں ناظم ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں نامعلوم افراد نے لڑکوں کے ایک اور سکول کو تباہ کردیا ہے جس کے ساتھ ہی گزشتہ چھ ماہ سے جاری فوجی آپریشن کے دوران تباہ ہونے والے سکولوں کی تعداد چالیس سے تجاوز کرگئی ہے۔ دوسری طرف صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شدت پسندوں نے بم حملے میں یونین کونسل کے ناظم کو ہلاک اور ان کے ساتھی کو زخمی کردیا ہے۔ باجوڑ ایجنسی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو نامعلوم افراد نے تحصیل ناوگئی کے تربنڑو کے علاقے میں واقع بوائز مڈل سکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں سکول کا بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوا ہے۔ اس سے دو روز قبل بھی نامعلوم افراد نے تحصیل ناوگئی ہی کے علاقے صاحبزادگانو کلی میں واقع لڑکیوں کے پرائمری سکول کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا تھا۔ باجوڑ میں گزشتہ سال چھ اگست کو سکیورٹی فورسز نے طالبان کے خلاف فوجی کارروائی شروع کردی تھی اور اس دوران نامعلوم افراد نے چالیس سے زائد سکولوں کو تباہ کردیا ہے۔ اگرچہ کسی نے بھی ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے مگر حکام اور مقامی لوگوں کو شک ہے کہ ان میں مشتبہ طالبان مبینہ طور پر ملوث ہوسکتے ہیں۔ تقریباً ایک ماہ قبل طالبان ترجمان مولوی عمر نے دھمکی دی تھی کہ آپریشن کے نہ رکنے کی صورت میں وہ تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کردیں گے تاہم بعد میں ایف سی کے سربراہ میجر جنرل طارق خان نے دعوی کیا کہ انہوں نے باجوڑ میں طالبان کو مکمل طور پر شکست دید ی ہے۔ دوسری طرف صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ شدت پسندوں نے مقامی لشکر کے ایک سرکردہ رہنماء اور یونین کونسل تکی کے ناظم خیراللہ خان کو ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بناکر ہلاک کردیا ہے۔ بنوں پولیس کے سربراہ اقبال مروت نے بی بی سی کو بتایا کہ خیراللہ خان اپنے ایک ساتھی کے ساتھ گاڑی میں آرہے تھے کہ شہر سے کچھ دور نواں کلی میں انکی گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرائی۔ ان کے بقول دھماکے کے نتیجے میں خیراللہ خان موقع پر ہلاک جبکہ ان کا ساتھی شفیع اللہ زخمی ہوگئے ہیں۔ ان کے بقول خیراللہ خان کو مشبہ شدت پسندوں سے خطرہ تھا کیونکہ وہ اس لشکر کے سرکردہ رہنماء تھے جو اپنے علاقے میں شدت پسندوں کو آنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ | اسی بارے میں سوات: مولانا فضل اللہ کا مرکز خالی 04 March, 2009 | پاکستان سوات ابھی تک طالبان کے قبضے میں04 March, 2009 | پاکستان مردان، سی ڈی مارکیٹ میں دھماکہ05 March, 2009 | پاکستان شاعر’رحمان بابا‘ کے مزار پر حملہ05 March, 2009 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||