 | | | صدر مشرف کی پیرس میں فرانسیسی صدر نکولا سرکوزی سے ملاقات |
فرانس کے صدر نکولا سرکوزی نے منگل کے روز پیرس میں ایک ملاقات کے دوران صدر پرویز مشرف کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ صدر نکولا سرکوزی نے کہا کہ جب فرانس آئندہ جولائی میں یورپی یونین کی صدارت سنبھالے گا تو اس وقت وہ پاکستان کی مزید اقتصادی امداد کے لیے اقدامات کرینگے۔ نکولا سرکوزی کی یقین دہانی یورپی یونین کے اس موقف سے الگ ہے جس میں کہا گیا تھا پاکستان کے ساتھ آئندہ یورپی تعلقات اس بات پر منحصر ہونگے کہ پاکستان میں اٹھارہ فروری کے انتخابات کیسے ہوتے ہیں۔ تاہم فرانسیسی صدر نے بھی کہا کہ اٹھارہ فروری کے انتخابات کا صاف شفاف ہونا ضروری ہے۔ اس سے قبل اپنے برسلز کے دورے پر صدر مشرف نے یورپ سے کہا تھا کہ وہ ان کی حکومت پراعتراضات کرنے کے بجائے انکی مدد کریں۔ فرانس کے صدر سے ملاقات کے بعد صدر مشرف نے نکولا سارکوزی کو بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کو درپیش مشکلات سے مکمل آگاہی ہے۔ سرکوزی سے ملاقات کے دوران صدر مشرف نے کہا: ’انتخابات منصفانہ آزادانہ اور شفاف ہونگے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انتخابات پرامن ہوں۔ کوئی بھی حکومت بنے یا کوئی بھی منتخب ہو اگر وہ حکومت بناسکیں تو بہت اچھی بات ہے اور واضع اکثریت نہ ہونے کی صورت میں مخلوط حکومت بننے گی۔‘ گزشتہ ہفتے صدر سرکوزی نے کہا تھا کہ بینظیر بھٹو کے قتل کی وجہ سے پاکستان کو عدم استحکام کا سامنا ہے۔ ایک مرتبہ پھر صدر مشرف نے یقین دہانی کرواتے ہوئے القاعدہ اور طالبان کے خطرے کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ شدت پسند پاکستان پر قبضہ کر لیں یا ان کے ہاتھ پاکستان کے جوہری اسلحہ تک پہنچ سکیں۔ |