امداد علی سومرو بی بی سی، لاہور |  |
 | | | نواز شریف اور برطانوی ہائی کمشنر رابرٹ بریکلے |
پاکستان میں برطانیہ اور کینیڈا کے ہائی کمشنرز نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر رابرٹ بریکلے اور کینیڈین ہائی کمشنر ڈیوڈ بی کولن نے بدھ کے روز نواز شریف کے لاہور کے قریب رائےوِنڈ روڈ پر واقع جاتی عمرہ فارم ہاؤس پر جا کر الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ مسلم لیگ کے رہنما چوھدری نثار بھی نواز شریف کے ہمراہ تھے۔ ایک ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقاتوں میں پاکستان میں جمہوریت کی بحالی، آئندہ عام انتخابات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد کینیڈا کے ہائی کمشنر ڈیوڈ بی کولن نے میڈیا سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی ملاقات پاکستانی سیاستدانوں سے جاری ملاقاتوں کا سلسلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز شرف کا وردی اتار کر سویلین صدر بننا پاکستان میں جمہوریت کے قیام اور مفاہمت کی فضا قائم کرنے کی طرف ایک مثبت اقدام ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کا ملک کینیڈا دولت مشترکہ کا رکن ہے اور گزشتہ ہفتے دولت مشترکہ نے ایمرجنسی کے نفاذ کی وجہ سے رکنیت معطل کی تھی اور رکنیت کی بحالی کے لیے ایمرجنسی کے خاتمے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔ ایمرجنسی کی موجودگی میں پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کے لیے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ایک مشکل مرحلہ ہے لیکن امید کی جاتی ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو۔ |