’اور پل گرتا ہی چلا گیا‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کے علاقے شیرشاہ میں بھاری ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بنائے جانے والے ناردرن بائی پاس پل تقریباً پانچ سوگز ہفتے کی دوپہر منہدم ہوگیا جس سے جہاں چھ افراد ہلاک ہوئے وہیں حادثے کے وقت پل کے نیچے سے گزرنے والی کئی گاڑیاں ملبہ تلے دب گئیں۔ اس حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ پل گرنے کے حادثے میں بچ جانے والوں میں نو عمر احسان بھی شامل ہیں جنہوں نے پل گرنے کے مناظر اور زندگی و موت کے فرق کو چند قدم کے فاصلے سے دیکھا۔ احسان کا کہنا ہے کہ’دوپہر کا وقت تھا اور لوگوں کی بڑی تعداد گرمی سے بچنے کے لیے پل کے سائے میں کھڑی تھی کہ اچانک ایک دھماکے کی آواز کے ساتھ ہی پل گرتا چلا گیا‘۔ گدھا گاڑی چلانے والے احسان کے مطابق ’ پل کا ایک حصہ میری گدھا گاڑی پر گرا جس سےگدھا ہلاک ہوگیا جبکہ مجھ بھی زخم آئے‘۔ احسان نے بی بی سی کو بتایا کہ اُس نے دو افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا جنہیں ہسپتال روانہ کر دیا گیا۔احسان کا کہنا تھا کہ کچھ دیر بعد اس کے اوسان خطاء ہوگئے اور جب اُسے ہوش آیا تو قریبی فیکٹری میں تھا جہان لوگ اُسے اُٹھا کر لے گئے تھے۔
احسان کی گدھا گاڑی سے چند قدموں کے فاصلے پر پل کے ملبے سے ایک مکئی فروخت کرنے والے کی ہاتھ گاڑی بھی جھانک رہی تھی جس کی انگیٹھی سے دھواں اُٹھ رہا تھا تاہم اُس کے مالک کا کہیں پتہ نہ چل سکا۔ اس سے کچھ دور دو نئی کاریں ملبے کے نیچے دبی نظر آ رہی تھیں۔ اِن کاروں کے قریب ہی ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والے ایک شخص کا پیر نظر آ رہا تھا جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ کوئی راہگیر رہا ہوگا۔ واقعہ کی اطلاع پر لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثے پر پہنچ گئی اُن میں بعض ایسے لوگ بھی تھے جنہون نے ٹی وی چینلز پر چلنے والے مناظر کی مدد سے اپنے پیاروں کی گاڑیاں شناخت کیں۔ موقع پر آنے والے پریشان حال ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ پل کے نیچے دبی کار اُس کے بھائی کی ہے۔ وہ نوجوان امدادی کارکنوں سے گاڑی نکالنے کے لیے اپیل کر رہا تھا۔ یہ منظر پل کی ایک جانب کا تھا جبکہ دوسری جانب کا منظر قدرے مختلف تھا جہاں پل کے منہدم ہونے کے بعد اوپر سے نیچے گرنے والی گاڑیاں پڑی تھیں۔پل سے گرنے والی گاڑیوں میں ایک پولیس وین اور مقامی سیمنٹ فیکٹری کا ٹینکر اور ایک بڑا ٹرالر بھی شامل تھا۔ | اسی بارے میں کراچی: پل گرگیا، چھ لاشیں برآمد01 September, 2007 | پاکستان شِپنگ: آتشزدگی کی تحقیقات20 August, 2007 | پاکستان کراچی میں بارش جاری، سات ہلاک22 August, 2007 | پاکستان مندی: سرمایہ کاروں کا ردِ عمل23 August, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||