BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 29 May, 2007, 11:33 GMT 16:33 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
معروف صحافی طاہر مرزا انتقال کر گئے

طاہر مرزا
طاہر مرزا چند سال تک بی بی سی اردو سروس سے بھی منسلک رہے
معروف صحافی اور انگریزی اخبار ڈان کے سابق ایڈیٹر طاہر مرزا منگل کے روز کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر ستر سال تھی۔

طاہر مرزا گزشتہ ایک سال سے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔

ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق ایک ماہ پہلے انہیں آغا خان ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور وہیں پر ان کا انتقال ہوا۔

ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ پروین مرزا، بیٹا عامر مرزا اور بیٹی نوما مرزا شامل ہیں۔

طاہر مرزا کا شمار پاکستان کے نامور صحافیوں میں ہوتا تھا۔ چالیس سال سے زائد عرصے پر محیط اپنے صحافتی کیریئر کے دوران انہوں نے کئی اہم دمہداریاں نبھائیں اورگزشتہ برس ہی روزنامہ ڈان کے ایڈیٹر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔

لکھنؤ یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے بعد طاہر مرزا نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز لکھنؤ سے کیا۔ انہوں نے اپنے ابتدائی کیریئر کے چند سال ڈھاکہ میں بھی گزارے۔

طاہر مرزا ساٹھ کی دہائی کے آغاز میں لاہور آ گئے جہاں انہوں نے روزنامہ سول اینڈ ملٹری گزٹ میں ملازمت اختیار کی۔

سن انیس سو تریسٹھ میں جب ایوب خان حکومت نے سول اینڈ ملٹری گزٹ کو بند کرا دیا تو طاہر مرزا نے انگریزی روزنامہ پاکستان ٹائمز کی ادارتی ٹیم میں شمولیت اختیار کر لی۔

بعد میں جب پاکستان ٹائمز کے ایڈیٹر مظہر علی خان نے ہفت روزہ ویو پوائنٹ کی داغ بیل ڈالی تو طاہر مرزا بھی اس کی ٹیم کے اہم رکن تھے۔

انہوں نے روزنامہ مساوات کی بندش کے بعد شروع ہونے والے صحافیوں کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس سلسلے میں جیل بھی گئے۔

ستر کی دھائی کے اواخر میں طاہر مرزا نے بی بی سی اردو سروس میں ملازمت اختیار کر لی اور چار سال تک بش ہاؤس میں براڈکاسٹر کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔

بی بی سی کو خیرباد کہنے کے بعد وہ دبئی سے شائع ہونے والے انگریزی روزنامے خلیج ٹائمز سے منسلک ہو گئے۔

سن انیس سو چورانوے میں طاہر مرزا روزنامہ ڈان کے لاہور ایڈیشن کے ایڈیٹر مقرر ہوئے اور چھ سال تک اس عہدے پر فائز رہے۔ سن دو ہزار میں انہیں تین سال کے لیے واشنگٹن میں ڈان کا نمائندہِ خصوصی مقرر کیا گیا۔

جب سن دو ہزار تین میں احمد علی خان کو دوبارہ ڈان کا ایڈیٹر مقرر کیا گیا تو طاہر مرزا اخبار کے اسسٹنٹ ایڈیٹر بنے۔ ایک سال بعد ہی انہیں ایڈیٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ وہ مئی دو ہزار چھ کو ایڈیٹر ڈان کے عہدے سے ریٹائر ہوئے لیکن اپنی موت سے چند ماہ پہلے تک اخبار کے لیے ہفتہ وار کالم لکھتے رہے۔

اسی بارے میں
ڈان کے سابق ایڈیٹر چل بسے
13 March, 2007 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد