 | | | جارج گیلووے اپنے جنگ مخالف موقف کے لیے معروف ہیں |
جنگ مخالف ایم پی جارج گیلووے برطانوی پارلیمان میں گیارہ جون کو ’پاکستان میں جمہوریت کی بحالی‘ کے موضوع پر ایک خصوصی مباحثے کا آغاز کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں گیارہ جون کو اس ہنگامی مباحثے کی اجازت مل گئی ہے۔ جارج گیلووے کو پاکستان کا دوست تصور کیا جاتا ہے۔ اس مباحثے کے دوران جارج گیلووے پاکستان کی جانب برطانوی پالیسی پر ایک تنقیدی جائزہ لیں گے اور ایسے اقدامات کی تشریح کریں گے جن پر عمل کرکے پاکستان کے موجودہ بحران کا حل نکالا جاسکے۔ جارج گیلووے نے پہلے ہی ہاؤس آف کامنز میں ایک تحریک جمع کرائی ہے جس میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی معطلی کی مذمت کی گئی ہے۔ پارلیمان میں خصوصے مباحثے کے بارے میں جارج گیلووے نے کہا کہ پاکستان میں ’موجودہ بحران کے آغاز کے بعد ہاؤس آف کامنز میں پاکستان پر پہلی خاطرخواہ بحث ہوگی۔‘ سن 1990 میں جارج گیلووے کو پاکستان کے ’ہلال قائد اعظم‘ اور سن 1996 میں ’ہلالِ پاکستان‘ کے اعزازات سے نوازا گیا۔
|