ظل ہما کی نشست پر نئی رکن اسمبلی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر ظل ہما عثمان کے قتل سے خالی ہونے والی پنجاب اسمبلی کی نشست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ثریا نسیم کو پنجاب اسمبلی کا رکن قرار دے دیا ہے۔ بدھ کو کمیشن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکمران مسلم لیگ کی نامزدگی پر ثریا نسیم کے رکن پنجاب اسمبلی بننے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب کی وزیر برائے سماجی بہبود ظل ہما عثمان بیس فروری کی سہ پہر ایک قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔ ظل ہما گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ہاؤس میں لوگوں سے بات چیت کر رہی تھیں کہ مجمع میں سے ایک شخص نے اٹھ کر پستول سے ان پر گولی چلائی جو ان کے سر میں لگی تھی۔ صوبائی وزیر کو پہلےگوجرانوالہ کے ضلعی ہسپتال لے جایا گیا اور بعد ازاں انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور کے جنرل ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ سرجری کے دوران دم توڑ گئی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے متحدہ قومی موومنٹ کی سفارش پر کشور سلطانہ کو رکن قومی اسمبلی نامزد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہیں متحدہ قومی موومنٹ کی رکن اسمبلی شمیم اختر کے مستعفی ہونے سے خالی ہونے والی نشست پر نامزد کیا گیا ہے۔ شمیم اختر نے بظاہر اپنے مستعفی ہونے کی وجہ گھریلو مصروفیات بتائی تھی لیکن ان کے قریبی عزیز کے مطابق متحدہ نے ان سے اس لیے استعفیٰ لیا تھا کیونکہ انہوں نے الطاف حسین کی پیشگی اجازت کے بغیر حکمران مسلم لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی۔ | اسی بارے میں ’خاتون وزیرکوقتل کرکےجہاد کیا ہے‘21 February, 2007 | پاکستان ظل ہما قتل کیس، تفتیشی ٹیم24 February, 2007 | پاکستان پنجاب کی صوبائی وزیر ظل ہما قتل20 February, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||