عامر احمد خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | حملہ آور نے ہوائی اڈے کی پارکنگ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا |
اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی کار پارکنگ میں ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں حملہ آور ہلاک اور دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ ڈی آئی جی مروت علی شاہ نے بی بی سی اردو کے نامہ نگار شاہد ملک کو بتایا کہ منگل کی رات نو بج کر دس منٹ پر ایک خود کش حملہ آور نے ایئرپورٹ کے احاطے میں داخلے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں کے روکنے پر اس نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ ڈی آئی جی کے مطابق حملہ آور نےگرینیڈ پھینکے کی کوشش بھی کی لیکن ایلیٹ فورس اور اے ایس ایف کے جوانوں کی جوابی فائرنگ سے وہ زخمی ہو کر گرا اور گرینیڈ اس کے پاس پھٹ گیا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔ مروت علی شاہ کا کہنا تھا کہ حملے کے ذمہ داران کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے اور تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ پاکستان کے وزیرِ داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ’ حملہ آور کے دو ساتھیوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے‘۔ ایئرپورٹ کے اردگرد کے علاقے کو سیِل کردیا گیا ہے اور ایئرپورٹ کی عمارت میں موجود مسافروں کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ یہ اسلام آباد میں گزشتہ دو ہفتے میں ہونے والا دوسرا خود کش حملہ ہے۔ اس سے قبل چھبیس جنوری کو اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل کے باہر ایک خود کش حملے میں حملہ آور سمیت دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ |