دلاور خان وزیر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | علاقے میں تشدد کئی سالوں سے جاری ہے |
جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کے قریب باردوی سرنگ کے دھماکے میں علاقے کے اہم قبائلی رہنما ملک خانجان سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ وانا سے پچیس کلومیٹر دور شکئی میں امن کمیٹی کے ممبر ملک خانجان کی گاڑی اس وقت ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جب وہ شکئی سے اپنے گھر منتوئی جارہے تھے۔ دھماکے میں خانجان اور ان کے دیگر تین ساتھی ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ ملک خانجان امن کمیٹی کے ممبر تھے اور حکومت کے حامی سمجھے جاتے تھے۔ خانجان اس علاقے کے بڑے قبائلی رہنما ہونے کے علاوہ ایک بااثر اور اہم شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ انہیں لگ بھگ دو ماہ قبل حکومت کی حمایت سے امن کمیٹی کا ممبر چن لیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ملک خانجان کو وہاں جاری غیرملکیوں کے خلاف سرگرمیوں کے نتیجے میں نشانہ بنایا گیا۔ جنوبی اور شمالی وزیرستان میں کئی سالوں سے حکومتی فورسز اور ان کے مخالفین کے درمیان مسلح سرگرمیاں جاری ہیں جن میں ہزاروں لوگ مارے گئے ہیں۔
|