’رؤف: برطانیہ کو سونپ سکتے ہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ اگر برطانوی حکومت لندن سے امریکہ جانے والے طیاروں کوتباہ کرنے کی مبینہ سازش کے ملزم راشد رؤف کو ان کے حوالے کرنے کی درخواست کی تو انہیں برطانیہ کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔ شیر پاؤ نے کہا کہ ابھی تک سرکاری طورپر اس طرح کی کوئی درخواست برطانوی حکومت کی جانب سے نہیں کی گئی ہے۔ سنیچر کو پشاور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کے تبادلے کا معاہدہ موجود نہیں لیکن غیر معمولی صورتوں میں کچھ ایسے قوانین ہیں جن کے تحت اگر درخواست کی گئی تو راشد رؤف کو تفتیش کے لیئے برطانیہ کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس بات کو بار بار دہرایا کہ تاحال پاکستان کی وزرات داخلہ تک برطانوی حکومت کی جانب سے ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ آفتاب شیرپاؤ نے بتایا کہ راشد رؤف کے القاعدہ سے روابط تھے اور اس طرح کے ثبوت بھی ملے ہیں کہ ان کے روابط افغانستان کے لوگوں کے ساتھ بھی رہے ہیں۔ وزیرستان میں لوئیا جرگہ اور مقامی طالبان کے مابین جاری مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں رہائش پزیر غیر ملکیوں کے بارے میں حکومت کی پالیسی بڑی واضع ہے۔ اس سلسلے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی عناصر کو مقامی قبائل کی جانب سے موثر ضمانت کے بغیر رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سے قبل وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی طرف سے پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر تفصیلی بات کرتے ہوئے افتاب شیر پاؤ جو پاکستان پیپلز پارٹی پیٹریاٹ کے مرکزی رہنما بھی ہیں، نے بتایا کہ ان کی جماعت حکومت اتحاد میں شامل دوسری بڑی جماعت ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ حکومتی اتحاد میں کوئی اختلاف نہیں بلکہ عدم اتحاد کی تحریک سے انہیں مزید تقویت ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر پرویز مشروف اور وزیر اعظم شوکت عزیز کو حکومت میں شامل تمام جماعتوں پر مکمل اعتماد ہے اور بقول ان کے یہ بات 29 اگست کو پارلمینٹ میں ثابت بھی ہوجائی گی۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک میں ووٹنگ تک بات نہیں پہنچی تھی بلکہ اپوزیشن نے تقریریں ختم کرکے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔ اس مرتبہ ووٹنگ ضرور ہونی چاہیئے تاکہ یہ بات صاف ہوجائے کس کے پاس کتنی اکثریت ہے۔ | اسی بارے میں گرفتار ہونے والے کون ہیں؟05 June, 2006 | آس پاس ’عالمی دہشتگردی کا خطرہ بڑھا ہے‘02 July, 2006 | آس پاس مبینہ بمباروں کے ویڈیو پیغامات18 August, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||