ہنرمند افراد کی منتقلی:’ایک چیلنج‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومتِ پاکستان نے ہنرمند افراد کی بیرون ملک منتقلی روکنے کے لیئے سائنسدانوں، محققین اور پروفیسروں کے لیئے تنخواہوں اور مراعات کے خصوصی پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر نوریز شکور نے لاہور ایوان صنعت و تجارت میں دو روز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کینیڈا، برطانیہ اور بعض دیگر ترقی یافتہ ملکوں نے چند برس سے ہنر مند افراد کو اپنے ملک کی شہریت دینے کے لیئے امیگریشن قوانین میں نرمی کر رکھی ہے اور پاکستان سے ہر سال بڑی تعداد میں ہنر مند افراد بیرون ملک منتقل ہورہےہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام ترقی پذیرممالک کی طرح پاکستان کے لیئے بھی ہنر مند افراد کی بیرون ملک منتقلی ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان افراد کو ملک میں روکنے کے لیئے دو تین ماہ کے اندر خصوصی مراعاتی پیکج پیش کرنے والی ہے اور اس سلسلے میں ایک سمری منظوری کے لیے وزیراعظم سیکرٹریٹ پہنچ چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ باقاعدہ ریسرچ کے فقدان کی وجہ سے پاکستان کی معشیت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ لاہور ایوان صنعت وتجارت کے صدر میاں شفقت نے ہندوستان سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے برس انڈیا کی صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات پاکستان کی مجموعی برآمدات سے زیادہ رہیں۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں پاکستان کی آئندہ سائنس و ٹیکنالوجی پالیسی کے خدوخال پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان کی وزارت کی توجہ کا مرکز اب شعبۂ توانائی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تیل کے علاوہ توانائی کے متبادل ذرائع پیدا کرنے پر زور دے رہا ہے اور اس سلسلے میں مقامی صنعتی یونٹوں کو اس بات کی اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ خود توانائی پیدا کرنے کے پلانٹ لگا سکتے ہیں۔ ایوان صنعت و تجارت میں ہونے والی اس کانفرنس میں مختلف ماہرین پاکستان کی سائنس اور ٹیکنالوجی پالیسی کے مجوزہ فریم ورک پر اظہار رائے کر رہے ہیں اور کانفرنس میں مرتب کی جانے والی سفارشات حکومت پاکستان کو بھجوائی جائیں گی۔ | اسی بارے میں ’نوبل‘سائنسدان پاکستان میں26 March, 2006 | پاکستان ’پیسے غلط جگہ خرچ ہورہے ہیں‘28 May, 2006 | پاکستان قومی مفادات کو ترجیح: قصوری 19 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||