سندھ: جان لیوا بارشیں، 30 ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سندھ میں گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش کے باعث تیس سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سنیچر سے جاری موسلا دھار بارش نے معمول کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اندرون سندھ کئی مقامات پر نہروں کے پشتوں پر پانی کے سخت دباؤ کے باعث شگاف پڑنے سے کئی ایکڑ زرعی زمین زیر آب آگئی ہے۔ شہر کا پچیس فیصد حصہ بجلی کی معطلی کے باعث اندھیرے می ڈوبا ہوا ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ انہیں ہر روز بجلی کی فراہمی سےمتعلق چار ہزار شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ صوبے کے دارالخلافے میں بارش کے بعد سڑکوں اور گلیوں میں برساتی پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث ٹریفک سخت متاثر ہورہی ہے اور لوگوں کو آمد ورفت میں سخت تکلیف کا سامنا ہے۔ ایئرپورٹ سے مرکزی شہر کی طرف آنے والی مصروف ترین سڑک شاہراہ فیصل سے پانی کی نکاسی کی گئی ہے مگر کئی مقامات پر پانی تالاب کی صورت میں موجود ہے۔ اسی طرح ایم اے جناح روڈ پر بھی پانی اور کیچڑ جمع ہوگئی ہے۔ بارش کے باعث انڈر پاس اور فلائی اوور کے نیچے والے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ کلفٹن جانے والی سڑک پر کے پی ٹی کی جانب سے تعمیر کیا گیا انڈرپاس ایک سوئمنگ پول کا منظر پیش کر رہا ہے۔ دوسری جانب دہابیجی کے قریب برساتی پانی کے بہاؤ میں بہہ جانے والا پل اڑتالیس گھنٹے کے بعد بھی تعمیر نہیں ہوسکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پل کی تعمیر میں ابھی مزید ایک دو روز لگیں گے۔ پورے ملک سے کراچی آنے جانے والی ٹرینوں کی آمدرفت بند ہے۔ تمام ٹرینوں کو کوٹری پر روکا گیا ہے جہاں سے مزید سفر مسافر بسوں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ شہر میں بارش کے بعد ایک مرتبہ پھر بجلی کی فراہمی سخت متاثر ہوئی ہے۔ شہر کے پوش علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن سمیت صدر، گلشن اقبال، لیاری اور ملیر سمیت کئی علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ کراچی میں بیشتر سڑکیں زیر تعمیر ہیں جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہو گیا ہے۔ ٹیلیفون کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔ لاڑکانہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق موہن جو دڑو کے قدیم آثار کی سائٹ زیرِ آب آگئی ہے جس سے ان آثار قدیمہ کو نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہے گا۔ | اسی بارے میں طوفان نے تباہی مچا دی: 11 ہلاک22 May, 2006 | پاکستان پنجاب: باد و باراں، 13 افراد ہلاک 22 May, 2006 | پاکستان پنجاب میں بارشوں سے پچیس ہلاک 14 July, 2006 | پاکستان پاکستان: بارش سے کئی ہلاک24 July, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||