جرگے کی ’طالبان‘ سے دوسری ملاقات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکومت اور مقامی جنگجوؤں کے درمیان جرگے کے ذریعے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ مقامی طالبان کا کہنا ہے کہ ان کی بنیادی شرائط پر عمل درآمد کے بعد ہی حکومت کے ساتھ مکمل فوجی انخلاء جیسی مشکل شرط پر باضابطہ مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیئے قائم پینتالیس رکنی جرگے نے فریقین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ جرگے کے اراکین نے ہفتے کے روز شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ کے قریب خٹی کلی میں مقامی طالبان رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ یہ مقامی جنگـجوؤں سے جرگے کی دوسری ملاقات ہے۔ مقامی طالبان کے ایک ترجمان عبداللہ فرہاد نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر کی ملاقات میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ان کے امیر گل بہادر اور حکومت کو مطلوب مولانا صادق نور بھی شامل تھے۔ بات چیت میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ شمالی وزیرستان سے مکمل فوجی انخلاء جیسے مسئلے پر بات چیت بعد میں ہوگی تاہم فی الحال ان کی دیگر شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔ ان میں سکیورٹی فورسز کی نئی چوکیوں کا خاتمہ اور علاقے سے گرفتار تمام قبائلیوں کی رہائی شامل ہے۔ حکومت نے ان شرائط پر جزوی عمل درآمد سو سے زائد افراد کی گزشتہ دنوں رہائی سے کیا ہے۔ البتہ مقامی طالبان تمام نئی چوکیوں کے خاتمے اور گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ عبداللہ کے بقول جرگے نے انہیں ان شرائط پر عمل درآمد آئندہ چند روز میں کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ توقع ہے کہ جرگہ اب پشاور میں گورنر سے ملاقات کرے گا۔ حکومت نے مقامی طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد قبائلیوں کی مراعات بحال کرنے کے ساتھ ساتھ سو سے زائد قبائلی رہا بھی کیئے ہیں۔ مبصرین کے خیال میں یہ جرگہ کسی پائیدار حل تک پہنچ پاتا ہے یا نہیں یہ تو بعد میں معلوم ہوگا تاہم اب تک کی پیش رفت پر فریقین اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں جو ایک بڑی مثبت تبدیلی ہے۔ | اسی بارے میں وزیرستان: گرینڈ جرگے پر پابندی27 July, 2006 | پاکستان شمالی وزیرستان: دو فوجی ہلاک27 July, 2006 | پاکستان شمالی وزیرستان: مزید قیدی رہا 24 July, 2006 | پاکستان سات سکیورٹی اہلکار ہلاک26 June, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||