دنیا کا سب سے بڑا فوجی ہیڈکوارٹر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے دارالحکومت میں پاک فوج کے لیے دو اعشاریہ چار ارب ڈالر کی لاگت سے ڈیفنس سروسز کمپلکس کے نام سے ایک نیا ہیڈکوارٹر تعمیر کیا جا رہا ہے جو کہ دنیا کا سب سے بڑا فوجی ہیڈ کوارٹر ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں نے جمعہ کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے اس منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا اور اسے پاکستان کی تاریخ کا سب سے مہنگا ترین منصوبہ قرار دیا۔ مسلم لیگ کے رہنماؤں نےجن میں خواجہ سعد رفیق، ظفر علی شاہ اور مشاہد اللہ شامل تھے اس مشترکہ پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ فوج کے ہیڈ کوارٹر کے نام پر دراصل جرنیلوں کے لیے یہ ایک بہت بڑا رہائشی منصوبہ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان سے جب ان الزامات اور اس منصوبے کے تعمیراتی اخراجات کے حوالے سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس سلسلے میں کوئی بات کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اس سلسلے میں پہلے کئی دفعہ بات کر چکے ہیں اور میں اس پر مزید بات کرنا ضروری نہیں سمجھتا۔ خواجہ سعد رفیق نے منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپلیکس دو ہزار چار سو پچاس ایکٹر پر رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ رقبے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا فوجی ہیڈ کوارٹر بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تعمیر پر دو عشاریہ چار ارب کے اخراجات کا جو تخمینہ ہے اس میں زمین کی قیمت شامل نہیں ہے جو کہ قانون کے مطابق فوج کو دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے کیپٹل ڈویلپمنٹ سوسائٹی کو دینی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس فوجی ہیڈ کوارٹر میں جرنیلوں کے لیے بنگلے لگژری اپارٹمنٹس اور کمرشل علاقہ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ اس فوجی ہیڈ کواٹر میں چھ بیڈ روم والے نوے بنگلے، چار بیڈ روم والے تین سو بنگلے اور چودہ ہزار سات سو پچاس لگژری اپارٹمنٹ تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پینتالیس ایکٹر پر کمپلکس کے اندر تین جھیلیں بھی بنائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اس کمپلکس کے اندر بارہ سکول اور دو کالج بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمپکس کے کل رقبے میں صرف دو سو ایکٹر پر دفاتر بنائے جائیں گے۔ | اسی بارے میں جی ایچ کیو کے لیے مزید زمین 02 March, 2005 | پاکستان چالیس روپے فی مربع فٹ02 February, 2005 | پاکستان لاہور، پشاور کے کورکمانڈر تبدیل24 September, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||