اعجاز مہر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
| | پائلٹوں کو مقامی شہروں کے نام بولنے میں مشکلات آ رہی تھیں |
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر سمیت متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی آپریشن کے دوران امریکی پائلٹوں کو شہروں کے نام سمجھنے میں دشواری کی وجہ سے تمام بڑے شہروں کے نام امریکی شہروں سے منسوب کر دیے گئے ہیں۔ امریکی فضائی امدادی ٹیم کے سربراہ کرنل مارک میکیرن نے بتایا ہے کہ مظفرآباد کا نام مشی گن جبکہ باغ کا نام نیویارک رکھ دیا گیا ہے۔ مانسہرہ کا نام اوریگن رکھا گیا ہے اور تمام متاثرہ علاقوں کا ایک نقشہ بھی تیار کیا گیا ہے جو امریکی شہروں کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹوں کو مقامی شہروں کے نام بولنے میں مشکلات آ رہی تھیں۔ کرنل میکیرن کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انہوں نے کسی ملک میں آپریشن کے دوران متعلقہ ملک کے شہروں کے نام امریکی شہروں سے منسوب کیے ہوں۔ ان کے مطابق افغانستان اور عراق میں بھی امریکی ہوابازوں نے مقامی شہروں کے نام تبدیل کر کے اپنے ملک کے شہروں سے منسوب کر لیے تھے۔ پاکستان میں اس وقت اٹھارہ غیر ملکی ہیلی کاپٹر امدادی کام میں مصروف ہیں اور ان میں زیادہ تر ہیلی کاپٹر امریکہ کے ہیں۔ |