آتش بازی سے پانچ افراد ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے ضلع خانیوال میں مبینہ طور آتش بازی کا سامان پھٹنے سے پانچ افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے سے متاثرہ افراد ایک ہوٹل میں اکھٹے ہو کر انڈین فلم دیکھ رہے تھے۔ دھماکہ سرائے سدھو کے قریب گاؤں حویلی کورنگا میں ہوا۔ بتایا جارہا ہے کہ ہوٹل کے ایک کونے میں شب برات کے سلسلے میں لایا گیا آتش بازی کا سامان بھی رکھا ہوا تھا جس پر کسی فلم بین نےسگریٹ سلگانے کے بعد بے خیالی میں ماچس کی جلتی ہوئی تیلی پھینک دی۔ اس پر آتش بازی کے سامان نے آگ پکڑ لی اور زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں عرفان، الطاف اور بابر جھلس کر موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ نذر اور مٹھو نے ملتان کے نشتر ہسپتال میں آکر دم توڑا۔ زخمیوں کو سرائے سدھو، عبدالحکیم اور کبیروالہ کے سرکاری ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہر سال شب برات پر آتش بازی کرنے پر پابندی لگائی جاتی ہے لیکن لوگ اس کی کم ہی پرواہ کرتے ہیں۔زخمیوں میں ہوٹل کا مالک اللہ دتہ ہراج بھی شامل ہے۔ خانیوال کے ضلعی پولیس افسر ظفر عباس نے بتایا کہ ہوٹل مالک کے خلاف ایکسپلوسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||