کالعدم تنظیم کے چار ارکان گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی پولیس نے کالعدم تنظیم کے چار ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ سی آئی ڈی نے گزشتہ شب اورنگی ٹاؤن میں ایک قبرستان میں چھاپہ مار کر ان مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ڈی ایس پی عمر خطاب نے جو اس کارروائی کی نگرانی کر رہے تھے بی بی سی کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سپاہ محمد سے ہے، جو فرقہ وارانہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت فضل حسین، اسد رضوی، کلیم رضا اور عابد کی نام سے کی گئی ہے۔ جن کے قبضے سے چھ کلاشنکوف، دو اسٹین گن اور آٹھ ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے ہیں۔ قبرستان سے گرفتاری کے بارے میں ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے قبرستان میں بیٹھک بنائی ہوئی تھی۔ جہاں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کی جاتی تھی۔ سی آئی ڈی کے مطابق ملزمان کا سربراہ یاور عباس ہے۔ اس گروہ کا پہلا سربراہ حیدرعباس تھا جو ایک تصادم میں مارا گیا جس کے بعد امتیاز جعفری کو سربراہی ملی جو گرفتار ہوچکا ہے ۔ آجکل یاور عباس اس گروپ کو چلا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت نے فرقہ واریت اور دہشتگردی میں ملوث چوبیس ملزمان کی گرفتاری پر ایک کروڑ بیس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ یہ گرفتاریاں اس اعلان کے چوتھے دن عمل میں آئی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||