کراچی سے پانچ ’شرپسند‘گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی پولیس نے پانچ ایسے مشتبہ افراد کوگرفتار کیا ہے جن کے بارے میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ دہشت گردی اور قتل و غارت کے ذریعے شہر کا امن و امان خراب کرنا چاہتے تھے۔ ان افراد کا تعلق ایک مذہبی سیاسی جماعت سے ہے۔ کراچی پولیس کے سربراہ طارق جمیل نے ایک اخباری پریس کانفرنس میں بتایا کہ حیدرآباد میں گرفتار کیے جانے والے ایک ملزم کی اطلاع پر پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں سے چھاپے مار کر چار ملزمان کوگرفتار کرلیا۔ گرفتار شدگان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی عمر بیس سے پچیس برس کےد رمیان ہے اور وہ طالبعلم ہیں۔ ملزمان نے تین ماہ میں اکیس لڑکوں پر مشتمل گروہ تشکیل دیا تھا۔ طارق جمیل نے بتایا کہ ملزمان جدید اور مہلک ہتھیاروں کے علاوہ بارود استعمال کرنے میں مہارت رکھتے ہیں اور ان کا مقصد حالیہ ایام میں قتل و غارت اور دہشت گردی کے ذریعے کراچی کا امن متاثر کرنا تھا۔ کراچی پولیس کےسربراہ نے ملزمان کی سیاسی وابستگی بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ گو انہیں اس سلسلے میں تمام معلومات حاصل ہیں مگر وہ انہیں عام نہیں کر سکتے۔ انتخابات کے دنوں میں ایک مذہبی سیاسی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاری کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اپنے معمول کی کارروائی میں یہ گرفتاریاں کی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||