’ کونسلر شناختی کارڈ لیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں منتخب ہونے والے یونین کونسلز کے ناظمین، نائب ناظمین اور کونسلروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں واقع اسسٹنٹ الیکشن کمشنر کے دفتر سے رجوع کریں اور اپنی کونسلوں کے شناختی کارڈ حاصل کریں۔ کمیشن کے سیکریٹری کنور محمد دلشاد نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام اسسٹنٹ الیکشن کمشنرز کو ضروری ہدایات اور سرکاری نتائج کی تصدیق شدہ کاپیاں فراہم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے نو منتخب ارکان سے کہا کہ وہ اپنی تازہ تصویر اور مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ اسسٹنٹ الیکشن کمشنرز سے رجوع کریں۔ الیکشن کمیشن کے سیکریٹری نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو قانون کے مطابق پریزائیڈنگ افسر تعینات کیا گیا ہے۔ ان ججوں کو عدالتی افسر کے اختیارات سونپے گئے ہیں تا کہ وہ نومنتخب نمائندوں سے حلف لیں۔ کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں کے جن تریپن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تھے ان کے نومنتخب اراکین کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حلف لینے کے لیے نوٹس بھیجیں گے۔ جس میں وقت ، دن، تاریخ اور جگہ سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں اٹھارہ اگست کو صوبہ پنجاب کے جن اضلاع میں انتخابات ہوئے ان میں گوجرانوالہ سٹی ڈسٹرکٹ، سیالکوٹ، سرگودھا، خوشاب، ملتان سٹی ڈسٹرکٹ، لودھراں، لیہ، بھاولپور، بہاول نگر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ صوبہ سندھ کے اضلاع میں کراچی سٹی ڈسٹرکٹ، ٹھٹہ، ٹنڈو الہ یار، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، کشمور، میرپورخاص، عمر کوٹ، سانگھڑ اور تھرپارکر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں گھوٹکی ضلع میں بھی انتخابات ہونے تھے لیکن سندھ ہائی کورٹ کے ایک حکم کی وجہ سے عین وقت پر بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔ پہلے مرحلے میں صوبہ سرحد کے اضلاع میں پشاور سٹی ڈسٹرکٹ، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہریپور اور بنیر شامل ہیں۔ جبکہ بلوچستان کے اضلاع میں خصدار، مستونگ، خاران، آواران، پشین، نوشکی، سبی، زیارت، بولان، نصیر آباد، جعفرآباد، قلعہ سیف اللہ، بارکھان اور گوادر شامل ہیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کوئی بھی شہری اگر پہلے مرحلے کے کامیاب امیدواروں کے نام دیکھنا چاہتا ہے تو وہ اسسٹنٹ الیکشن کمشنر سے رجوع کرے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||