پُراسرار ہلاکتیں، مشتبہ شخص گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور پولیس نے لوگوں کو سر پر پتھر مار کر ہلاک کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے درمیان شہر میں دس سے زیادہ لوگ سر پر زخم آنے سے مردہ پائے گئے۔ یہ لوگ زیادہ تر وہ تھے جو سڑکوں کے کنارے پر سوتے تھے۔ان وارداتوں سے فٹ پاتھوں پر سونے والے مزدور پیشہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ لاہور سٹی پولیس کے ڈی ایس پی میاں خان نے بتایا کہ تقریباً چوبیس سالہ مشتبہ شحص کا نام محمد عامر ہے اور وہ شالامار باغ کے پاس شیرا کوٹ کے علاقہ کا رہنے والا ہے اور ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے بتایا ہے کہ وہ گاڑیاں دھونے کا کام کرتا ہے۔ تاہم پولیس کی تفتیش جاری ہے اور وہ ابھی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کررہی ہے۔ رنگ محل پولیس تھانہ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو صبح چار بجے کے قریب اعظم کلاتھ مارکیٹ سے اس وقت پکڑا گیا جب وہ ایک شخص پر حملہ کرکے بھاگ رہا تھا اور اسے وہاں موجود چوکیدار نے گرفت میں لے لیا۔ زخمی شخص ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے چار افراد کو ہلاک کرنے کا اعتراف کیا ہے تاہم پولیس افسر کوئی باقاعدہ اعلان کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||