پاکستان بنائے ہوائی جہاز پرزے؟ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وفاقی وزیر تجارت جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہوائی جہاز تیار کرنے والی دو بڑی کمپنیاں بوئنگ اور ائر بس پاکستان کے ساتھ ہوائی جہاز کے پرزے تیار کروانے کے لیے بات چیت کررہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں اس بات کا علم جرمنی کے شہر ہیونور میں نمائش کےدوران میں ہوا تھا کہ امریکی کمپنی بوئنگ اور یورپی کنسورشیم ائر بس پاکستان میں انجینئرنگ شعبہ سے پرزے بنوانے کے لیے بات چیت کررہی ہیں۔ تاہم وفاقی وزیر نے اس بات سے لاعلمی کا اظہار کیا کہ ہوائی جہاز بنانے والی یہ کمپنیاں حکومت کی دعوت پر پاکستان میں اپنے کارخانے قائم کررہی ہیں۔ ایک پاکستانی اخبار ’بزنس ریکارڈر‘ نے ذرائع کے حوالے سے یہ دعویُ کیا ہے کہ جہاز بنانے والی ان دونوں کمپنیوں کو پاکستان حکومت نے دعوت دی ہے کہ وہ یہاں اپنی فیکٹریاں لگائیں اور انہوں نے اس میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور وہ اگلے سات برس میں بیس ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ اخبار کے مطابق یہ کارخانے لگانے کے لیے اٹک ضلع میں کامرہ میں پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلکس کے پاس ساٹھ ہزار ایکڑ زمین حاصل کی جارہی ہے اور وزیراعظم پاکستان شوکت عزیز جو اس علاقے سے رکن قومی اسمبلی ہیں اس منصوبے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||