اے آر ڈی:انتخابی اتحاد کا اعلان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد اے آر ڈی یعنی اتحاد برائے بحالی جمہوریت نے اس سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات مشترکہ پلیٹ فارم سے لڑنے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ان انتخابات میں دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔ اے آر ڈی کے رہنما ظفر اقبال جھگڑا نے اتحاد کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اے آر ڈی ان بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اے آر ڈی حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے علاوہ کسی بھی جمہوری جماعت کے ساتھ اتحاد کرنے کے لیے تیار ہے۔ ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے اے آر ڈی کو ضلعی سطح پر مضبوط بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں اتحاد کی تنظیم نو کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اے آر ڈی آئندہ ملک گیر سطح پر الیکشن اس وقت تک نہیں ہونے دے گی جب تک پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے جلاوطن رہنماؤں کو ملک میں واپس آنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ اس کے علاوہ اے آر ڈی کے اجلاس میں خود مختار الیکشن کمیشن قائم کرنے اور اس کی زیر نگرانی آزادانہ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس نے ایک قرارداد بھی منظور کی جس میں حزب اختلاف کے رہنماؤں جاوید ہاشمی اور یوسف رضا گیلانی سمیت تمام سیاسی اسیروں کے خلاف مقدمات فی الفور واپس لینے اور ان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے سپیکر کی طرف سے حزب اختلاف کی جماعتوں کے کچھ ارکان کی معطلی کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر پنجاب اسمبلی کے سپیکر اپنے فیصلے کو واپس نہیں لیتے تو اے آر ڈی ان کے خلاف احتجاجی پروگرام کا اعلان کرے گی۔ ادھر آج سپریم کورٹ میں مسلم لیگ کے صدر جاوید ہاشمی کے خلاف بغاوت کے مقدمے میں ان کی اپیل پر سماعت شروع ہوئی جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پندرہ دن کے اندر اس اپیل کی سماعت کا حکم سنایا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||