BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 08 August, 2004, 22:48 GMT 03:48 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’ہماری فلمیں ہربار ناکام ہو جاتی ہیں‘

امین فہیم
مخدم امین فہیم کے علاوہ اس تقریب سے بھارتی اداکار اور رکن پارلیمان راج ببر نے بھی خطاب کیا
اتحاد برائے بحالی جمہوریت کے سربراہ اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی لیڈروں کی اچھا کردار پیش کرتے ہیں لیکن ہماری فلم دلیپ کمار اور امیتابھ بچن جیسی اداکاری کے باوجود ناکام ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی منظر نامے پر کئی بار تاج محل بنانے کی کوشش کی گئی لیکن ہر بار ایک ظالم شخص آ کر اسے مٹی کا ڈھیر بنا دیتا ہے اور پھر ان مٹی کے ڈھیروں کو باہر رکھ کر کہتا ہے کہ انہیں تاج محل مانو۔

وہ اتوار کو لاہور میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر کی کتاب ’ہاؤ ٹو بی اے لیڈر‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی بھارتی اداکار و رکن پارلیمان راج ببر تھے۔

مخدوم امین فہیم نے کہا کہ راج ببر ایک جمہوری ملک، بھارت سے آئے ہیں یہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ وہاں تاج محل بھی ہے اور وہ خود ایک ایسے جہموری ملک کی اسمبلی کے رکن ہیں جہاں آئین بھی موجود ہے اور اس پر عمل درآمد بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ’ کاش ہم (پاکستانی) بھی آپ ( بھارتیوں) سے سیکھیں کہ جمہوریت کیا ہوتی ہے‘۔

مخدوم امین فہیم نے پاکستان کے سیاسی حالات اور انتخابات کے عمل کو ایک فلم سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں بڑی سیاسی کوششوں اور محنت کے بعد ایک’ سیاسی فلم‘ تیار کرتے ہیں اس کے کردار بھی اچھے اور جاندار ہوتے ہیں اور اس میں بڑے لیڈر، ہیرو اور اچھے ڈائریکٹر ہوتے ہیں لیکن فلم تیار ہوکر باکس آفس پر فیل ہو جاتی ہے۔ صرف اس لیے کہ اس پر ناجائز ٹیکس اور غیر قانونی بندشیں لگائی جاتی ہیں۔

راج ببر
اداکار اور پارلیمنٹیرین راج ببر کتاب کی رونمائی میں شرکت کے لیے خاص طور پر لاہور گئے

انہوں نے کہا کہ اس فلم میں سیاسی لیڈر اچھا کردار پیش کرتے ہیں لیکن ہم دلیپ کمار اور امیتا بھ بچن جیسی اداکاری کرنے کے باوجود فیل قرار دیے جاتے ہیں کیونکہ پاکستان میں فرد واحد کا حکم چلتا ہے، اس کا کہا قانون اور حرف آخر ہوتا ہے۔ وہ صیح کو بھی غلط اور غلط کو بھی صیح قرار دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں اندھے قانون بنائےجاتے ہیں۔فاؤل پلے ہوتا ہے اور قانون اور آئین کا کوئی احترام نہیں ہوتا۔

اس موقع پر انہوں نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن ربڑ سٹمپ بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود اتحاد برائے بحالی جمہوریت ضنمی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گا۔

بھارتی اداکا راج ببر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دو ہمسائے ہیں دوست اور دشمن کو تو چھوڑا جا سکتا ہے لیکن ہمسائے کو نہیں چھوڑا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ اگر تجاوز کرے، گھر کے سامنے کوڑا پھینکے یا نالہ غلط جگہ پر بنائے تو تکلیف تو ہوتی ہے۔اس لیے ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہمسائے سے دوستی میں فائدہ ہے یا دشمنی میں۔

انہوں نے کہ ان کے خیال میں ہمسائے سے دوستی ہو تو معاملات بہتر رہتے ہیں۔

اردو زبان کا ذکر کرتے ہوئے انےہوں نے کہا کہ بھارت کے کچھ علاقوں میں بعض لوگ اسے مذہبی زبان قرار دیتے ہیں ایسا کہنے سے زبان کو نقصان پہنچتا ہے انہوں نے کہا کہ وہ اسے انسان کی زبان قرار دیتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قاسم ضیا نے کہا کہ دونوں اطراف کے بعض اراکین پارلیمان تو ملنا چاہتے ہیں لیکن پائیدار امن تب ہی ہوگا جب عوام کا دل ملے گا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد