’زرداری پاکستان نہیں آئیں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیرِ تجارت ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ بگڑتے ہوئے حالات کے پیشِ نظر محترمہ بینظیر بھٹو کے شوہر آصف زرداری مقررہ تاریخ پر پاکستان نہیں آئیں گے۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت کے بہت سنجیدہ مذاکرات ہو رہے ہیں اور آصف زرداری لاہور آ کر بگاڑ پیدا کرنے والا کوئی کام نہیں کریں گے۔ ہمایوں اختر کے مطابق حکومتی پارٹی پیپلز پارٹی کے ساتھ اقتدار کی شراکت کے لیے تیار ہے اور آئندہ ہونے والے انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی اور حکومتی پارٹی ایک اتحاد بنا کر الیکشن لڑیں گے۔ بقول ان کے مختلف سیٹوں پر لین دین ناگزیر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شوکت عزیز پیپلز پارٹی سے جاری مذاکرات کے بارے میں پوری طرح باخبر ہیں اور مشوروں میں شریک ہیں۔ پاک ہند تجارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آزاد تجارت تو کبھی بھی نہیں ہو گی کیونکہ اب بھی پاکستان کا ہندوستان کے ساتھ تجارتی خسارہ کافی ہے اور اگر تجارت کو آزاد کر دیا جائے تو یہ خسارہ مزید بڑھ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت سیاسی تعلقات کی تابع ہے۔ پاکستان کی برآمدات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ پچھلے سال کی نسبت چودہ فیصد زیادہ ہے اور اس سال پاکستان کی برآمدات چودہ بلین سے زیادہ ہوں گی جو کہ 1999 کے سات بلین کے مقابلے میں دگنی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||