ڈونلڈ رمزفیلڈ پاکستان پہنچ گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کے وزیر دفاع ڈونلڈ ایچ رمزفیلڈ بدھ کی شام دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف اور وزارت دفاع کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے علاوہ دو طرفہ دفاعی امور کے بارے میں بھی بات کریں گے۔ امریکی وزیر دفاع کی مصروفیات اور آمد کے اوقات کار کو حفاظتی نقطہ نظر کی وجہ سے خفیہ رکھا جارہا ہے۔ تجزیہ نگار صدر جنرل پرویز مشرف کی دِلّی روانگی سے چند روز قبل امریکی وزیر دفاع کے دورے کو خاصی اہمیت دے رہے ہیں۔ صدر جنرل پرویز مشرف بھارت کے اس مجوزہ دورے کے دوران وزیراعظم منموہن سنگھ سے بھی ملیں گے اور کشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت کریں گے۔ حکام کے مطابق امریکی وزیر دفاع اسلام آباد کے بعد امکان ہے کہ دِلّی بھی جائیں گے جہاں وہ بھارتی قیادت سے بھی ملیں گے۔ دفاعی امور کے مبصرین کی رائے ہے کہ امریکی وزیر دفاع پاکستانی حکام کے ساتھ جہاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے بارے میں بات کریں گے وہاں توقع ہے کہ جوہری پھیلاؤ کے معاملات اور دوطرفہ دفاعی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات کے بارے میں ڈونلڈ رمز فیلڈ پاکستان کے صدر سے بات کریں گے جو سترہ اپریل کو کرکٹ میچ دیکھنے دِلّی جارہے ہیں۔ حکام کے مطابق ڈونلڈ رمز فیلڈ جو منگل کو عراق اور افغانستان سے ہوکر پاکستان پہنچے۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے اعلان کے بعد کسی اعلیٰ سطحی امریکی نمائندے کا یہ پہلا دورہ ہے۔ امریکی وزیر کے دورے کے موقع پر پاکستان کے جنوب میں واقع سب سے بڑے شہر کراچی میں امریکی قونصلیٹ دو دنوں سے ’سیکورٹی، کی وجہ سے بند ہے اور تاحال یہ واضح نہیں کہ متعلقہ دفتر کب دوبارہ کھولا جائے گا۔ واضح رہے کہ جون سن دوہزار دو میں کراچی میں امریکی قونصلیٹ پر کار بم سے حملہ کیا گیا تھا جس میں چودہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہلاک شدگان میں کوئی امریکی باشندہ شامل نہیں تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||