پنجگور ہوائی اڈے پر راکٹ حملہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر پنجگور میں نا معلوم افراد نے ہوائی اڈے کے ریڈار کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے جس سے ریڈار کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ واقعہ رات کوئی اڑھائی بجے کے قریب پیش آیا جب ایک گاڑی میں سوار نا معلوم افراد نے دو راکٹ ہوائی اڈے کے مغرب میں قائم ریڈار سسٹم پر داغے۔ پنجگور کوئٹہ سے سات سو کلومیٹر دور ساحلی علاقہ ہے جو مکران ڈویژن میں واقع ہے۔ پنجگور کے ناظم نور احمد نے بتایا ہے کہ ایک راکٹ کھلے میدان میں گرا ہے جبکہ دوسرے راکٹ سے ریڈار کے ایک حِصّے کو نقصان پہنچا ہے تاہم انھوں نے کہا ہے کہ ریڈار کا نظام کام کر رہا ہے۔ دریں اثناء ایک نامعلوم شخص نے ٹیلیفون پر اپنا نام دودا بتایا اور کہا ہے کہ وہ بلوچ لبریشن فرنٹ کا نمائندہ ہے۔ دودا نے کہا ہے کہ وہ بلوچ لبریشن فرنٹ کی طرف سے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے واقعے کے خلاف کی ہے۔ دودا نے کہا ہے کہ وہ مزید کارروائیاں کریں گے۔ بلوچستان میں کچھ عرصے سے راکٹ باری اور بم دھماکوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کچھ روز قبل کوہلو کے علاقے میں چار راکٹ داغے گئے تھے جو کھلے میدانوں میں گرے ہیں۔ ان سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دو روز قبل کوئٹہ کے چمن ہاؤسنگ سکیم میں نا معلوم افراد نے پولیس کیمپ پر دستی بم پھینکے تھے جس سے دو سپاہی زخمی ہوگئے تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز صوبائی کابینہ کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کی طرف بھر پور توجہ دینے کے لیے کہا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||