’ویزوں میں اور بھی نرمی آئے گی‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ریاست ہریانہ کے وزیر اعلی اوم پرکاش چوٹالہ نے کہا ہےکہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات دوستانہ ہوجائیں تو یہ دونوں ملکوں کے لئے بہت مثبت ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان پہنچنے کے بعد مغربی پنجاب کے ایوان وزیر اعلیٰ میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوۓ کہی۔ وہ منگل کی دوپہر بارہ بجے واہگہ کے راستے پاکستان داخل ہوئے تو پاکستانی پنجاب کے وزیر اعلی پرویز الہی نے ان کا استقبال کیا۔ بھارتی وفد کو پاکستانی سکولوں کے بچوں نے گلدستے پیش کیے اور سخت حفاظتی انتظامات میں انہیں لاہور لایا گیا۔ نوے شاہراہ قائد اعظم پر ایوان وزیر اعلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ یہ بات ماننے کو تیار نہیں ہیں کہ اب سرحدیں ٹوٹ جائیں گی اور کھلے دل سے کہتے ہیں کہ ملک قائم رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دو بھائیوں کے درمیان بھی بٹوارہ ہوتا ہے اور وہ علیحدہ علیحدہ لیکن امن کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کی ویزہ پالیسی میں مزید نرمی آۓ گی۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ جنوبی ایشیا کہ عوام کے لیے امن ، زندگی اور موت کا مسئلہ ہے لیکن اس امن کی بنیادیں انصاف پر قائم ہونی چاہیں۔ بھارتی وزیر اعلی اوم پرکاش چوٹالہ تین روز بعد واپس بھارت چلے جائیں گے۔ ہریانہ کے وزیر اعلی اوم پرکاش چوٹالہ کا ایک سال کےدوران پاکستانی پنجاب کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||