گیس لائن تخریب کاری کا نشانہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی تکنیکی جماعت نے تونسہ کے قریب پھٹنے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے ۔ مرمت کا کام کرنے والے انجینئرز کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کے ابتدائی معائنے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ پائپ لائن کا پھٹنا ایک تخریبی کارروائی تھی ۔ دھماکے کے وقت سولہ اِنچ قُطر کی متاثرہ پائپ لائن سے گزرنے والی گیس کا دباؤ چار سو پاؤنڈ فی مربع اِنچ تھا۔ انجینئرز کے مطابق دھماکے سے پائپ لائن کا دو فٹ ٹکڑا اُڑا ہوا ہے جبکہ اِس کے گِرد زمین میں دس فٹ چوڑا اور پانچ فٹ گہرا گڑھا پڑا ہے ۔ انجینئرز کا کہنا تھا کہ بہار والی پلانٹ سے نکلنے والی گیس کا دباؤ اتنا نہیں ہوتا کہ اُس سے پائپ لائن پھٹ جائے۔ اُنہوں نے بتایا کہ پائپ لائن کی مرمت کا کام اتوار کی شام تک مکمل ہو سکے گا ۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ بلو چستان کے قریب واقع پنجاب کے ضِلع ڈیرہ غازی خان کی ڈھوڈک آئل اینڈ گیس فیلڈ سے نکلنے والی گیس پائپ لائن سنیچر کی رات ایک زوردار دھماکے کے بعد پھٹ گئی جس سے کئی علاقوں میں قدرتی گیس کی فراہمی متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔ گیس پائپ پھٹنے کا واقعہ ڈیرہ کی تحصیل تونسہ کے گاؤں منگروٹھہ کے قریب پیش آیا ۔ متاثرہ گیس پائپ لائن ڈھوڈک آئل اینڈ گیس فیلڈ کے بہار والی پلانٹ سے تونسہ، ڈیرہ اور مظفرگڑھ کے گھریلو و صنعتی صارفین کو قدرتی گیس فراہم کرتی ہے ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||